خبریں

بہار:صحافی راج دیو رنجن قتل معاملے میں محمد شہاب الدین کے خلاف چارج شیٹ داخل

مظفر پور :  بہار کے سرخیوں میں رہنے والے صحافی راج دیو رنجن قتل معاملے میں مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) نے آج یہاں خصوصی عدالت میں سابق ممبر پارلیمنٹ محمد شہاب الدین سمیت سات ملزمین کے خلاف فرد جرم داخل کردی۔

سی بی آئی کی انچارج جسٹس انوپما کماری کی عدالت میں بیورو کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنیل راوت نے مقدمہ نمبر 11/2016 میں یہ فرد جرم داخل کی ہے۔ بیورو نے یہ فرد جرم تعزیرات ہند کی دفعہ 120 بی، 302 اور آرمس ایکٹ کی دفعہ 27 کے تحت داخل کی ہے۔ معاملے میں جن سات ملزمین پر فرد جرم داخل کی گئی ہے، ان میں محمد شہاب الدین، اظہر الدین عرف لڈن، رشو کمار جیسوال، روہت کمار سونی، وجے کمار گپتا، راجیش کمار اور سونو کمار گپتا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سیوان کے اسٹیشن روڈ میں 13 مئی 2016 کی رات ایک قومی ہندی روزنامہ کے صحافی راج دیو رنجن کو مجرموں نے گولی مار کر قتل کردیا تھا۔ صحافی کی بیوی کے بیان کی بنیاد پر نامعلوم مجرموں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ پولیس جانچ کے بعد لڈن میاں کو اصل ملزم بناتے ہوئے دیگر کو ملزم بنایا گیا تھا۔