خبریں

دلّی یونیورسٹی انتخاب میں این ایس یو آئی کا دبدبہ،صدر اور نائب صدر کے عہدے پر جیت درج

این ایس یو آئی کے راکی تُسید صدراور کنال سہراوت نائب صدر منتخب۔اے بی وی پی کا جنرل سکریٹری اور جوائنٹ سکریٹری کے عہدے پر قبضہ

DUSU-NSUI

 نئی دہلی : کانگریس کی اسٹوڈنٹ اکائی این ایس یو آئی نے دلی یونیورسٹی طلبہ یونین (ڈوسو)کےانتخاب میں بدھ کو شاندار واپسی کرتے ہوئے صدر کے عہدہ سمیت چار اہم عہدوں میں سے دو پر جیت حاصل کی ہے۔

دلی یونیورسٹی  میں مضبوط سمجھی جانے  والی بی جے پی کی اسٹوڈنٹ اکائی اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی)نے جوائنٹ سکریٹری اورجنرل  سیکرٹری کی دو سیٹوں پر جیت درج کی ہے۔

این ایس یو آئی کے راکی تُسيد نے 1590 ووٹوں کے فرق سے صدر کے عہدے پر فتح حاصل کی جبکہ پارٹی کے کنال سہراوت نے نائب صدر کے عہدے پر اے بی وی پی امیدوار کو 175 ووٹوں سے شکست دی۔

اے بی وی پی کی مہامیدھاناگر نے سیکرٹری کے عہدے پر این ایس یو آئی کی میناکشی مینا کو2624 ووٹوں کے فرق سے شکست دی جبکہ پارٹی کے جوائنٹ سکریٹری کے عہدے کے امیدوار اُما شنکر نے این ایس یو آئی کے اویناش یادو کو 342 ووٹوں سے شکست دی۔

گزشتہ منگل کوہوئے دلی یونیورسٹی کے انتخاب میں کل 43 فیصد ووٹ پڑےتھے۔گزشتہ سال اے بی وی پی نے تین سیٹوں پر جیت درج کی تھی جبکہ این ایس یو آئی نے جوائنٹ سیکرٹری کی سیٹ پر جیت حاصل کی تھی ۔

طلبانے مودی جی کے ’اچھے دن‘ کے جھوٹے وعدوں کو مستردکر دیا: کانگریس

دریں اثنادلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے چار میں سے دو عہدوں پر نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا [ این ایس یو آئی ]کی کامیابی کی ستائش کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا ہے کہ این ایس یو آئی کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت  ہے کہ طلبا وزیر اعظم نریندر مودی کے ’اچھے دن ‘ کے جھوٹے وعدوں کو مسترد کرنے لگے ہیں۔

آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میڈیا انچارج رندیپ سورجیوالا نے ٹوئٹ کیا ہے کہ کانگریس کی راجستھان اور پنجاب کے بعد اب دلی یو نیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات میں این ایس یو آئی کی کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ نوجوانوں نے مودی جی کے ’اچھے دن‘ کے جھوٹے وعدوں کو مسترد کر دیا ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا اور یواین آئی اردوکے ان پٹ کے ساتھ)