خبریں

اتراکھنڈ : اردوٹیچر بننے کے لئے بی ٹی سی ،ٹی ای ٹی پاس ہونا لازمی

نینی تال: اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے اردو ٹیچر بننے کے لئے اردو معلم کو نااہل قراردیتے ہوئے کہاکہ مساوی امتحان کے ساتھ ہی اردو میں بی ٹی سی کے بغیر پرائمری اسسٹنٹ ٹیچر(اردو) نہیں بن سکتے ہیں ۔ اسسٹنٹ ٹیچر بننے کے لئے ٹیچر اہلیتی ٹسٹ (ٹی ای ٹی ) پاس کرنا بھی لازمی ہے ۔ چیف جسٹس کے ایم جوزف اور جسٹس آلوک سنگھ کی بنچ نے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف حکومت کی اپیل پر سماعت کے بعد یہ حکم جاری کیا ۔بنچ نے حکومت کی دلیل کو درست مانتے ہوئے اس سلسلہ میں عدالت کی سنگل بنچ کے سابقہ حکم کو بھی خارج کردیا ۔

اودھم سنگھ نگر کے محمد حافظ اور دیگر نے عدالت میں عرضی دائر کرکے کہا تھا کہ حکومت نے اردو اسسٹنٹ ٹیچر کے عہدے پر انکی درخواست منسوخ کردی ہے ۔عرضی گزاروں نے عدالت کو بتایا کہ وہ معلم پاس ہیں ،جو بی ٹی سی کے مساوی ہے ۔اتر پردیش میں بھی اسسٹنٹ ٹیچر (اردو )بننے کے لئے یہ قابل قبول ہے ۔عدالت کی سنگل بنچ نے عرضی گزاروں کی دلیل منظور کرتے ہوئے حکومت کو انھیں بھرتی کے عمل میں شامل کرنے کا حکم دیاتھا۔سنگل بنچ کے اس حکم کے خلاف حکومت نے دوججوں کی بنچ میں اپیل دائر کی تھی ۔