ادبستان

پہلی اردو فلم آسکر کے لیے نامزد

فلم پاکستان کے دیہی علاقے میں رہنے والی ایک ماں اور اس کی دو بیٹیوں کی سچی کہانی کی ترجمانی کرتی ہے،جو اپنی زمین کےلیے 200غنڈوں سے لڑتی ہے۔

Photo Source: Bill Kenwright Films

Photo Source: Bill Kenwright Films

پاکستانی نژادبرطانوی ہدایت کارسرمدمسعود کی اردو فیچرفلم ’مائی پیورلینڈ‘غیرملکی زبان کے زمرے میں  آسکر کے لیے نامزد کی گئی ہے۔یہ فلم پاکستان کے دیہی علاقے میں رہنے والی ایک ماں اور اس کی دو بیٹیوں کی سچی کہانی کی ترجمانی کرتی ہے،جو اپنی زمین کےلیے 200غنڈوں سے لڑتی ہے۔واضح ہو کہ یہ اردو کی پہلی فلم ہے، جس کو غیر ملکی زبان کے زمرے میں  آسکر کے لیے  نامزد کیا گیا ہے۔سرمد مسعود فلم کے تنقید نگاروں کے نزدیک اپنی شارٹ فلم کے لیے خراج تحسین حاصل کر چکے ہیں ۔

فلم پروڈکشن کمپنی بل کین رائٹ فلمز کا کہنا ہے کہ  ؛یہ فلم عورتوں کی جد و جہد کے نظریے سے بنائی گئی ہے اور ان کے حوصلے کی کہانی کہتی ہے۔’فلم کی کہانی صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کےچھوٹے سے گاؤں کی نازو دھاریجو کی جدوجہد کے ارد گرد گھومتی ہے۔

غورطلب ہے کہ نازو دھاریجو نے 2012 میں وڈیروں اور 200 سے زائد مسلح افراد سے اپنی زمین کو بچایا تھا۔خبروں کے مطابق نازو دھاریجو اس وقت سیاسی اورسماجی سرگرمیوں میں فعال ہیں۔فلم میں سہائی ابڑو نےمرکزی کردارادا کیا ہے۔ ابڑو پاکستان کی نوجوان اداکارہ،ماڈل اور ڈانسرہیں ۔اس کے علاوہ سلمان احمدخان،ایمان ملک،سید تنویر حسین،رضیہ ملک اور احسن مراد دوسرے اہم رول میں ہیں ۔فلم15ستمبر کو ریلیز ہوئی ہے۔ مائی پیور لینڈ کی شوٹنگ پاکستان میں ہی کی گئی تھی۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ معروف ایکٹر راجکمار راؤ اور نوجوان ڈائرکٹر امت ماسورکرکی ہدایت میں بننے والی فلم ’نیوٹن ‘ ہندوستان کی طرف سے غیرملکی زبان کے زمرے میں نامزد کی گئی  ہے ۔فلم فیڈریشن آف انڈیا کی سلیکشن کمیٹی نے جمعہ کو اس کا اعلان کیا تھا۔کمیٹی کے مطابق آسکر کی نامزدگی کے لئے آئیں 26فلموں میں سے نیوٹن کو منتخب کیا گیا ۔

آسکر اکیڈمی غیر ملکی زبان کی کیٹیگری میں شارٹ لسٹڈ ہونے والی فلموں کا اعلان جنوری 2018 میں کرے گی اورکامیاب فلموں کو 4 مارچ 2018کو ہونے والے آسکر ایوارڈ میلے میں ایوارڈ دیا جائے گا۔