ادبستان

مودی مجھ سے بھی بڑےایکٹر،میں اپنے نیشنل ایوارڈ ان کو دینا چاہتا ہوں: پرکاش راج

 گوری لنکیش  قتل معاملے میں وزیر اعظم کی خاموشی سے ناراض نامور ادا کار پرکاش راج نے نیشنل ایوارڈ لوٹانے کی بات کہی ہے ۔

Prakash-Raj-Facebook-e1506948898173

نئی دہلی: نیشنل فلم ایوارڈ یافتہ نامورفلم اداکارپرکاش راج نے گزشتہ ماہ بنگلور میں صحافی گوری لنکیش کے قتل معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر سخت لفظوں میں تبصرہ کیا ہے۔واضح ہو کہ5 ستمبر کوکر ناٹک میں سینئرصحافی گوری لینکش کو ان کے  گھر کے باہر  گولی مار دی تھی اس کے بعد لنکیش کے قتل کو کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا پر جائز ٹھہرایا تھا۔اس بات سے پرکاش راج ناراض ہیں۔اس سلسلے میں انہوں نے وزیر اعظم کی خاموشی کی شدید مذمت کی ہے۔

لنکیش  ہفتہ وار میگزین ‘گوری لنکیش پترکے’کی ایڈیٹر تھیں ۔کرناٹک میں سنگھ پریوار کی فرقہ وارانہ سیاست کے خلاف لکھنے کی وجہ سے چنددنوں سے وہ کچھ لوگوں کے نشانے پر تھیں۔

روزنامہ  دکن کرانکل کی رپورٹ کے مطابق، بنگلور میں اتوار کو ہوئی ڈیموکریٹک یوتھ فیڈریشن آف انڈیا (ڈی وائی ایف آئی ) کی 11ویں ریاستی سطح کی بیٹھک میں پرکاش راج نے کہاکہ ؛’گوری لنکیش کے قاتل اب تک پکڑے نہیں گئے ہیں اور شاید پکڑے بھی نہیں جائیں گے،اس سے بھی زیادہ افسوسناک یہ ہے کہ لوگ سوشل میڈیا پر اس قتل کا جشن مناتے ہوئے نفرت پھیلاتے رہے تھے۔’

وہ مزید کہتے ہیں،’ہم سب جانتے ہیں کہ وہ کون ہیں،ان کے نظریات کیا ہیں ،جو لوگ  گوری کے قتل کا جشن منا رہے تھے،ان میں سے کچھ کو وزیر اعظم ٹوئٹر پر فالو کرتے ہیں ۔ اس بات سےمجھے ڈرلگتا ہے  کہ ہمارا ملک کدھر جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ؛وزیر اعظم مودی اپنے فالوورزکی سرگرمیوں کو لے کر خاموش ہیں ،یہ اس بات کی طرف اشارہ کر رہا ہے کہ وہ مجھ سے بھی بڑے اداکار ہیں۔پرکاش راج کہتے ہیں،”وزیراعظم کی خاموشی سے ڈرلگتا ہے،کیا وہ اپنے فالووراور پیروکاروں کے ذریعے تشدد کو بڑھاوا دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ؛اس بات پر بھی اگروزیراعظم پرسکون رہتےہیں تو میں اپنے پانچوں نیشنل ایوارڈاانہیں واپس کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کروں گا۔

دریں اثنا انہوں نے اپنے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو اپلوڈ کر کے وضاحت کی ہے کہ میں اتنا بیوقوف نہیں ہوں کہ اپنا ایوارڈ واپس کروں گا ،یہ مجھے میرے کام کے لیے دیا گیا ہے ،البتہ گوری لنکیش کے قتل پر جس طرح کا جشن منایا گیا اور اس کے پیچھے جو طاقتیں ہیں وہ نہایت ہی شرمناک ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں وزیر اعظم کی خاموشی بھی تشویشناک ہے ۔