خبریں

یوگیندر یادو کا الزام :سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات نافذ کرنے سے انکار کررہی ہے مودی سرکار

 وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات کے وقت ملک کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ کسانوں کے ساتھ انصاف ہوگا۔

yogendra-yadavدیوریا: سوراج انڈیا کے صدر یوگیندر یادو نے الزام لگایا کہ سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات نافذ کرنے سے انکار کر کے مرکز کی مودی سرکار نے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ مسٹر یادو نے کل دیر شام یہاں صحافیوں سے کہا کہ سرکار نے عدالت میں ایک حلف نامہ داخل کرکے کہا ہے کہ کمیشن کی سفارشات نافذ کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوامی ناتھن کمیشن نے سفارش کی ہے کہ کسانوں کو ان کی پیداوار کی ڈیڑھ گنا قیمت ملے۔ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات کے وقت ملک کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ کسانوں کے ساتھ انصاف ہوگا۔ انہوں نے کسانوں کو پیداوار کی پوری قیمت اور انہیں سبھی طرح کے قرض سے چھٹکاراکا مطالبہ کیا۔

کسانوں کے ان ہی سب مطالبات کیلئے بہار کے ضلع چمپار ن سے تیسرے مرحلہ کی ’کسان مکتی یاترا‘ شروع کی گئی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا ہےکہ پہلی بار ملک کے کسان اس تحریک سے بیدا ر ہورہے ہیں۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ملک کی 150کسان تنظیموں کو ملاکر آل انڈیا فارمر زایکشن کوارڈی نیشن کمیٹی بنائی گئی ہے۔اس یاترا کی شروعات مدھیہ پردیش کے مندسور سے دہلی تک ہوئی۔تیسرے مرحلہ کی یاترا گجرولہ میں 11اکتوبر کو ختم ہوگی۔