خبریں

معاشی سست رفتاری کے باوجود ارب پتیوں کی جائیداد میں26 فیصد اضافہ

آج جاری 100امیر ہندوستانیوں کی فہرست میں ریلائنس انڈسٹری کے مالک مکیش امبانی مسلسل دسویں سال سرفہرست ہیں۔

India-Super-Rich-List-Forbesنئی دہلی : ملک میں معاشی سست رفتاری کے باوجود یہاں کے ارب پتیوں کی جائیداد میں اس سال سب سے تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ فوربس کی طرف سے آج جاری 100امیر ہندوستانیوں کی فہرست میں ریلائنس انڈسٹری کے مالک مکیش امبانی مسلسل دسویں سال سرفہرست ہیں۔ ٹیلی مواصلات میں ہنگامہ برپا کردینے والی اپنی کمپنی ریلائنس جیو کی بے پناہ کامیابی اور ریفائننگسیکٹر میں بڑے منافع سے ان کی نجی جائیداد 67فیصد یعنی 15.3 ارب ڈالر بڑھ کر 22.7 ارب ڈالر سے 38ارب ڈالر ہوگئی ہے۔

ہندوستانی معیشت ابھی کئی چیلجنز کا سامنا کررہی ہے اور ایسے حالات میں ہندوستان کے ایک سو دولت مندوں کی کل جائیداد سال 2016کے 374 ارب ڈالر میں 26 فیصد بڑھ کر 2017میں 479 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔ شیئر بازاروں میں ریکارڈ تیزی رہنے اور انٹرپرنیورشپ بڑھنے سے امیروں کی جائیداد دن دوگنی رات چوگنی بڑھ رہی ہے۔ اس سال اس فہرست میں اپنا مقام برقرار رکھنے والے 27افراد کی جائیداد میں ایک یا اس سے زیادہ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ دولت مند ہندوستانیوں کی اس فہرست میں وپرو کے چیئرمین عظیم پریم جی دوسرے نمبر پر ہیں تاہم ان کی جائیداد مکیش امبانی کے مقابلے میں تقریباً نصف یعنی 19ارب ڈالر ہے ۔ عظیم پریم جی کی جائیداد میں اس سال گذشتہ برس کے مقابلے چار ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔فوربس کی اس لسٹ میں سات خواتین بھی شامل ہیں.۔