خبریں

مودی حکومت کے خلاف اپوزیشن کو متحد کرے گی این سی پی

معیشت کی بدحالی اور گؤ رکشا کے نام پر لوگوں کو پیٹ پیٹ کر قتل کردینے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مودی حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے کے لئے اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

opposition-partyنئی دہلی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی ) نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے معیشت کی بدحالی اور گؤ رکشا کے نام پر لوگوں کو پیٹ پیٹ کر قتل کردینے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مودی حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے کے لئے اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ این سی پی کے ترجمان دیوی پرساد ترپاٹھی نے یہاں جمعہ کو پریس کانفرنس میں پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے جی ڈی پی کم ہونے پر کافی تشویش کا اظہار کیا گیا۔جی ایس ٹی کی وجہ سے کسان، دکاندار اور عام آدمی تینوں پریشان ہیں۔

میٹنگ میں گؤ رکشا کے نام پر لوگوں کی پیٹ پیٹ کر قتل کردینے کے واقعات کو تشویشناک قرار دیا گیا۔ گوری لنکیش سمیت حکومت مخالف نظریات رکھنے والے صحافیوں کے قتل پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ گذشتہ تین برسوں کے دوران بائیس صحافیوں کا قتل ہوچکا ہے۔ اراکین نے کہا کہ ان معاملات میں انتظامیہ کی طرف سے فوری کارروائی نہیں کی گئی اور اب تک کسی کو سزا نہیں ملی ہے۔ اراکین کا کہنا تھا کہ اظہار رائے کی آزادی کو تباہ کیا جارہا ہے اور سوشل میڈیا کا استعمال لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کے لئے کیا جارہا ہے جو جمہوریت میں قابل مذمت ہے۔ ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی کی حالت ہے۔ میٹنگ میں کشمیر کی صورت حال پر بھی تشویش کااظہار کیا گیا اور کل جماعتی وفد بھیج کر بات چیت سے مسئلے کا حل نکالنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

مسٹر ترپاٹھی نے بتایا کہ پارٹی تمام جماعتوں کو متحد کرکے مودی حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کے لئے اپوزیشن اتحاد کی پہل کرے گی۔ اس کے لئے انہیں اور قومی جنرل سکریٹری طارق انور کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔