ادبستان

اپنی موت کا اعلان کرنے والے ادیب پیرومل موروگن کی ادبی دنیا میں واپسی

شدت پسندوں کی مخالفت کے بعد اپنی موت کا اعلان کرنے والے تمل ادیب اور شاعر موروگن کا نیا شعری مجموعہ’بزدل کے نغمے’شائع  ہوچکا ہے۔

perumal-murugan-1

نئی دہلی :اپنے ناول کے خلاف شدت پسندوں کے شورشرابے اور مخالفت کے بعد 2015میں اپنی موت اور تخلیقی کام سے دستبردار ہونے کا اعلان کرنے اور مدراس ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد تصنیف و تالیف کا آغاز کرنے والے تمل ادیب اور دانشور پیرومل موروگن کہتے ہیں کہ انہیں سب سے زیادہ افسوس یہ ہے کہ وہ نادان تھے کہ انہیں اس ماحول کا ذرا بھی احساس نہیں ہوا۔

موروگن اب تمل میں ایک نئی کتاب’کوجھائن پادالگال’یعنی بزدلی کے نغمے لا رہے ہیں ۔یہ کتاب انہوں نے اپنے بن باس کے دوران لکھی تھی ۔ان نظموں میں ان کی چپی کی گونج سنائی پڑتی ہے۔یہ وہ زمانہ تھا جب اپنے وہ اپنے اندر جنگ لڑ رہے تھے ،اسی وقت باہری قوتوں سے بھی ان کی جد وجہد جاری تھی۔کچھ نظموں میں اداسی اور ناستلجیائی کیفیت ہے،بعض نظموں میں غصہ اوراحتجاج ہے۔اکثر نظموں  میں قدرت، علائم کے طور پر ہے، جن کے توسط سے شاعر نے اپنی ذہنی کیفیت اور دکھ کو بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔

اپنے ایک انٹرویومیں موروگن نے بتایا کہ اس مجموعے کی نظمیں ان کا فطری اظہار ہیں ۔اس لیے ان کو کاغذ پر اتارنا کوئی چیلنج نہیں تھا۔وہ کہتے ہیں؛اس مجموعے میں بزدل کا نغمہ کے عنوان سے ایک نظم ہے،لیکن ایک ساتھ ان نظموں کو دیکھنے پر ہر نظم اپنے آپ میں ایک طرح سے کسی بزدل کا نغمہ معلوم ہوتا ہے۔

انہوں نے بزدل جیسے لفظ کا استعمال کیوں کیا اس پر وہ کہتے ہیں ،آپ مانے یا نہ مانے ،ہر انسان کی زندگی میں ایک لمحہ آتا ہے جب وہ خود کو بزدل محسوس کرتا ہے یا پھر وقت اور حالات اس کو بزدل بنادیتے ہیں۔

سانگس آف اے کاورڈ(Songs of a Coward : Poems of Exile)کی اشاعت پینگوئن بکس نے کی ہے۔اس میں 210نظمیں ہیں۔واضح ہو کہ ان کے تمل ناول مدھوربگن کی شدت پسندوں نے مخالفت کی تھی جس کے بعد موروگن نے خود اپنی موت کا اعلان کردیا تھا۔انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا تھا کہ قلمکار پیرومل موروگن مرچکا ہے۔

غور طلب ہے کہ کچھ ہندو تنظیموں نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا ،لیکن اس معاملے میں جولائی 2016میں مدراس ہائی کورٹ نے موروگن کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پھر سے لکھنا شروع کریں انہیں بالکل ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)