خبریں

بہار : کھگڑیا میں مہادلتوں کے 50سے زیادہ گھروں میں لگائی آگ

قریب 50کی تعداد میں لوگ گولی چلاتے ہوئے آئے اور ایک طرف سے گھروں میں آگ لگانا شروع کیا۔

Bihar-Khagaria-Mahadalit-Basti-fire

نئی دہلی : بہار کے کھگڑیا ضلع کے چھمسیا گاؤں میں دیوالی سے پہلے والی شام کو مہادلتوں کے پچاس سے زیادہ گھروں کو آگ کے حوالے کر دیا گیا۔اس دوران ہوا میں کئی راؤنڈ گولیا ں بھی چلائی گئیں ۔ علاقے میں دہشت کا ماحول ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق اس علاقے میں زمین کا قبضہ اور دبدبے کو لے کر دو کمیونٹی  میں پہلے سے تنازعہ چل رہا تھا۔دیوالی سے پہلے والی شام پر مہادلتوں کو ڈرانے اور دہشت پھیلانے کے مقصد سے حادثے کو انجام دیا گیا۔

دینک جاگرن کے مطابق حادثے کے بعد متاثرہ خاندانوں کے بچے بھوک سے تڑپ رہے ہیں ،کیوں کہ گھر میں اناج نہیں ہے ۔حالاں کہ حادثے کے بعد ضلع انتظامیہ نے کچھ راحت کے سامان مہیا کرائے ہیں۔لیکن اپنا سب کچھ آگ میں جلتا دیکھ کر ان کی آنکھوں سے آنسو رکنے کا نام نہیں لے رہا۔

Bihar-Khagaria-Mahadalit-Basti-fire-1

نیوز18سے بات چیت میں کھگڑیا کی ایس پی مینو کماری کا کہنا ہے کہ جن  لوگوں نے بھی اس حادثے کو انجام دیا ہے ،ان کی شناخت کی جارہی ہے اور معاملہ درج کیا جارہا ہے۔ابھی تک کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔

ڈیلی ہنٹ کے مطابق چھمسیا وارڈ نمبر دو کے وارڈ ممبر سنجیت رام نے بتایا کہ 70گھروں کو جلایا گیا ہے ۔لاکھوں کی مالیت خاکستر ہوگئی ۔کئی مویشی بھی جل گئے ۔مقامی سرپنچ نے بھی 70گھروں کے جلانے کی بات کہی ہے۔

وہیں گاؤں کےہی  رہنے والے 50سالہ ارجن سدا نے بتایا کہ گھر میں جتنا سامان تھا جل گیا ۔ان کے مطابق قریب 50کی تعداد میں لوگ گولی چلاتے ہوئے آئے اور ایک طرف سے گھروں میں آگ لگانا شروع کیا۔اس  سے گھر میں رکھا سامان جل گیا ،دو بکریاں بھی جل گئیں ۔ان کے مطابق گاؤں کے ہی چندرشیکھر سدا کا دو سالہ بیٹا لاپتا ہے۔