خبریں

کابل کی ایک مسجد میں دھماکہ،30افراد ہلاک ، درجنوں زخمی

اس سے قبل بھی کابل میں 29 ستمبر کو مسجد میں خودکش حملہ کیا گیا تھا جس میں 6 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے تھے۔

KabulMasjidBlast_UNIکابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل کی ایک مسجد میں جمعہ کو زوردار دھماکہ ہوا جس میں 30 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوگئے۔ ذرائع سے موصول خبروں کے مطابق کابل میں ایک امام بارگاہ میں خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں ہوئیں۔

کابل پولیس کے ترجمان عبدالبصیر مجاہد نے امام بارگاہ مسجد امام ضامن دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ افغان وزارت داخلہ کے عہدیدار میجر جنرل علی مست مومند کا کہنا تھا کہ دھماکا کابل کے علاقے دشتی برچی میں ہوا جہاں پیدل حملہ آور مسجد امام ضامن میں داخل ہوا اور دھماکہ کیا۔ استقلال ہسپتال کے سربراہ محمد صابر نصیب کا کہنا تھا کہ ان کے پاس دھماکے میں ہلاک ہونے والے دو افراد کی لاشوں اور دو زخمیوں کو لایا گیا ہے۔ امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔

اس سے قبل بھی کابل میں 29 ستمبر کو مسجد میں خودکش حملہ کیا گیا تھا جس میں 6 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے تھے۔