خبریں

وزیر اعظم اور کانگریس صدر کا گرجا دیوی کے انتقال پر اظہار تعزیت

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مشہور کلاسیکی گلوکارہ گرجا دیوی کے انتقال پر گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے گرجا دیوی کے انتقال پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ٹویٹ کرکے کہا،’’گرجا دیوی جی کے انتقال سے دکھی ہوں،ہندوستانی کلاسیکی موسیقی نے اپنی سب سے خوبصورت آوازوں میں سے ایک کو کھو دیا ہے۔میں ان کےپرستاروں کے ساتھ ہوں۔‘‘ انہونے مزید کہا کہ کلاسیکی گلوکارہ کا اس طرح جانا ہندوستانی موسیقی کےلئے بڑا نقصان ہے۔کلاسیکی موسیقی کے میدان میں ان کی شراکت کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔

محترمہ گاندھی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ گرجا دیوی کے انتقال سے ہندوستانی کلاسیکی کے شعبہ کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے اور وہ آج کےزمانے میں موسیقی کی دنیا کی ایک بڑی اور خوبصورت آوازوں میں سے ایک تھیں۔محترمہ گاندھی نے کہا کہ ان کے انتقال سے نہ صرف ان کے گھر والوں کو بلکہ ان کے پرستاروں اور دوستوں کو غیر معمولی نقصان ہواہے۔ انہوں نے آنجہانی کی روح کو سکون کے لئے دعا کی ہے۔

واضح ر ہے کہ بنارس گھرانے سے تعلق رکھنے والی مشہور کلاسیکی گلوکارہ گرجا دیوی کا گزشتہ شب کولکاتہ کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا ۔ ان کی عمر 88 برس تھی۔

(خبررسا ں ایجنسی یواین آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)