خبریں

صحافی ونود ورما کی گرفتاری کو لیکر میڈیا تنظیموں کا احتجاج

ریاستی حکومت کا یہ قدم دھمکی بھرا رویہ ظاہر کرتا ہے اور ہم اس معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کرائے جانے کے حق میں ہیں جس میں نہ تو کسی کا دباؤ ہو اور نہ ہی ان کے خاندان کا کسی طرح کا استحصال ہو۔

Photo : Dilip Khan

Photo : Dilip Khan

نئی دہلی : مشہور صحافی ونود ورما کی چھتیس گڑھ پولیس کی جانب سے کی گئی گرفتاری کی آج مختلف میڈیا تنظیموں نے زبردست مخالفت کرتے ہوئے ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کی غیرجانبداری سے جانچ کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس معاملہ کو لیکر آج یہاں پریس کلب میں مختلف میڈیا تنظیموں کی طرف سے ایک احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا۔

میڈیا تنظیموں کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے ’’جس طریقے سے ان کی گرفتاری کی گئی ہے اس کا پریس کلب آف نڈیا ، انڈین ویمن پریس کلب، ملک کے مختلف پریس کلبوں کے فیڈریشن اور پریس فیڈریشن سخت مخالفت کرتے ہیں اور اس پورے معاملے اس بارے میں فکر مند بھی ہیں۔ان کی گرفتاری کو لے کر جو طریقہ اپنایا گیا وہ کافی پریشان کرنے والا ہے کیونکہ وہ نہ توکوئی بھگوڑے تھے اور نہ ہی گرفتاری سے بچتے بھاگ رہے تھے۔ ریاستی حکومت کا یہ قدم دھمکی بھرا رویہ ظاہر کرتا ہے اور ہم اس معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کرائے جانے کے حق میں ہیں جس میں نہ تو کسی کا دباؤ ہو اور نہ ہی ان کے خاندان کا کسی طرح کا استحصال ہو‘‘۔

یہ بھی پڑھیں : ونود ورما کی گرفتاری : بی جے پی رہنماؤں کو پارٹی کی عزت کاذراخیال نہیں؟

واضح ہو کہ گزشتہ روز چھتیس گڑھ پولیس نے جبراََ وصولی کے ایک معاملے میں سینئر صحافی ونود ورما کو اترپردیش کے اندراپورم میں واقع رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا ۔ پولیس نے ان کی رہائش گاہ سے تقریباََ دو لاکھ روپے نقد، سی ڈی اور دیگر سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی یو این آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)