خبریں

گجرات : سول ہسپتال میں 24 گھنٹے کے اندر 9 بچوں کی موت

ریاستی حکومت نے دیے جانچ‌ کے حکم۔ احمد آباد سول ہسپتال میں گزشتہ تین دنوں میں 18 بچوں کی موت ہوئی ہے۔

علامتی تصویر

علامتی تصویر

نئی دہلی: گجرات کے سول ہسپتال میں جمعہ آدھی رات سے لےکر 24 گھنٹے میں نو زائیدہ بچوں کی موت کے معاملے میں ریاستی حکومت نے جانچ‌ کے حکم دے دیےہیں۔حکومت نے یہاں جاری ایک ریلیز میں بتایا کہ احمد آباد سول ہسپتال میں پانچ بچوں کو دوردراز کے علاقے سے لایا گیا تھا اور ان بچوں میں وزن کم ہونے جیسی کئی پیچیدگیاں تھیں جبکہ کچھ کو سنگین  بیماریاں تھیں۔ ان کی حالت اچھی نہیں تھی۔ریلیز کے مطابق، 24 گھنٹے میں 9 نوزائیدہ بچوں کی موت ہو گئی۔ ان میں سے پانچ کو لناواڑا، سریندرنگر، مانسا، ویرمگام، ہمّت نگر سے لایا گیا تھا اور ان کی حالت سنگین تھی۔پیدائش کے وقت سے ہی ان کا وزن بےحد کم 1.1 کلوگرام تھا اور یہ بچّے ہائلین ممبرین ڈزیز (سانس سےمتعلق بیماری)، سیپٹی سیمیا (خون میں انفیکشن)اور ڈسیمنٹیڈ انٹراوسکلر کوئگولیشن (خون کا تھکا)بننے اور بہتے خون کو روکنے کی صلاحیت کو متاثر کرنے والی حالت جیسی پیچیدگیوں سے مبتلا تھے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق وزیراعلیٰ وجئے روپانی نے کہا ہے کہ احمد آباد کے سول ہسپتال میں نو بچّوں کی موت کے معاملے میں ایک کمیٹی تشکیل کر دی گئی ہیں۔ قصورواروں  کے خلاف سخت کاروائی کی جائے‌گی۔اس کے علاوہ سول ہسپتال میں پیدا ہوئے چار نوزائیدہ بچوں میں پیدائش کے دوران سے استھما اور میکونئسم ایسپریشن جیسی سنگین پیچیدگیاں تھیں۔ ہسپتال کے افسر نے بتایا کہ ہسپتال میں گزشتہ تین دنوں میں 18 بچوں کی موت ہوئی ہے۔

ریلیز کے مطابق طبی تعلیم کے نائب ڈائریکٹر آر کے  دیکشت کی صدارت والی ایک کمیٹی  موت کی وجوہات  کی تفتیش کرے‌گی۔صحت اور خاندانی فلاح و بہبود محکمہ کے سربراہ  جینتی روی نے کہا، حالات کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعلیٰ وجئے روپانی نے اتوار کو گاندھی نگر میں سینئرافسروں کے ساتھ میٹنگ کی۔انہوں نے کہا کہ کچھ بچوں کی حالت سنگین تھی اور شاید  دیوالی کی وجہ سے ڈاکٹروں کی چھٹی پر ہونے کے چلتے دور دراز کے علاقوں سے ان کو سول ہسپتال لانا پڑا تھا۔انہوں نے بتایا کہ کمیٹی ان اموات کے لئے ابتدائی  وجوہات  پر غور کرے‌گی اور شاید ایک دن میں اپنی رپورٹ دے‌گی۔ریلیز میں حکومت نے کہا، حاملہ خواتین کے غذا و تغذیہ سے جڑےمسائل کی وجہ سے گجرات میں اب بھی پیدائش کے  دوران بچوں کا  کم وزن ہونا چیلنج بنا ہوا ہے۔ریلیز کے مطابق احمد آباد سول ہسپتال میں نوزائیدوں کی موت کی اوسط تعداد روزانہ پانچ سے چھے ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا سے ان پٹ کے ساتھ)