خبریں

جمہوریت کا بیرو میٹرکہا جانے والا جنتر منتر خالی ،رام لیلا میدان میں مظاہرہ کرنے کا لگے گا 50ہزار

ایم سی ڈی نے کسی بھی طرح کے احتجاج کے عوض  میں50000 روپے کی مانگ کی ہے۔

JantarMantar_GreenTribunal_IndiaTribuneنئی دہلی :این جی ٹی کے حکم  کے بعد پولیس جنتر منتر سے مظاہرین کو ہٹانے میں لگی ہے۔ سوموار کو پولیس اور دوسرے افسروں نے 18 مظاہرین کی جماعت کو جنتر منتر سے بھگا دیا ہے، ایم سی ڈی نے رام لیلا میدان مظاہرین کو دینے کے بدلے میں50000 روپے مانگے ہیں۔ ساتھ ہی ایک وقت پر ایک پارٹی کو ہی رام لیلا میدان میں جگہ دینے کی بات کہی ہے۔

انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق شمالی دلی میونسپل کارپوریشن نے این جی ٹی میں ایک اپیل دائر کرنے کی بات کہی ہے، کیونکہ ایم سی ڈی رام لیلا میدان سے روز 50000روپے کا منافع کماتی ہے اور مظاہرین کو مفت میں جگہ کو نہیں دیگی۔

ایم سی ڈی نے کسی بھی طرح کے احتجاج کے عوض  میں50000 روپے کی مانگ کی ہے۔ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن میں باغبانی محکمہ کے ڈائرکٹررنبیر سنگھ نے کہا،‘ابھی تک ہمیں جنتر منتر پر مظاہرہ کر رہے لوگوں  کی طرف سے کوئی بھی درخواست نہیں ملی ہے کہ وہ لوگ یہاں مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں،لیکن ہم اصول اور ضابطےکے مطابق ایک وقت میں ایک پارٹی کو یہ جگہ دے سکتے ہیں اور اسکے عوض میں ہم 50000 روپے لیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا،اس جگہ سے ہمیں بہت منافع ہوتا ہے اسکے علاوہ اس جگہ پر بہت سارے مظاہرے نہیں کئے جا سکتے ہیں کیونکہ یہ جگہ چھوٹی ہے اور پارکنگ کے لیے خاطر خواہ  جگہ نہیں ہے۔ اس وقت ہم 2794 روپے کے بجٹ گھاٹے میں الجھے ہیں۔ ساتھ ہی اس تنظیم نے اس سال رام لیلا میدان سے 21 لاکھ روپے کمائے ہیں اور 10 لاکھ اور کمانے کی امید ہے، پارکنگ سے بھی 8 لاکھ روپے کا منافع ہوتا ہے ایسے میں ہم مفت میں یہ جگہ کسی کو نہیں دے سکتے۔

این جی ٹی نے 5 اکتوبر کو راجدھانی دلی کے جنتر منتر علاقے میں سبھی مظاہرین اور لوگوں کے اکٹھا ہونے کو فوری طور پرروکنے کی ہدایت دہلی سرکار کو دی تھی۔جسٹس آر ایس راٹھور کی صدارت والی ایک بنچ نے نئی دہلی نگرپالیکا پریشد (این ڈی ایم سی) کو کناٹ پلیس کے قریب واقع جنتر منتر روڈ سے سبھی مستقل ڈھانچوں اورلاؤڈ سپیکروغیرہ کو ہٹانے کی بھی ہدایت دی ہے۔

بنچ نے کہا،دہلی سرکار، این ڈی ایم سی اور دہلی کے پولیس کمشنر جنتر منتر پر دھرنا، مظاہرہ، آندولن، لوگوں کے اکٹھا ہونے، لاؤڈ سپیکروں کے استعمال وغیرہ کو فوراً روکیں۔این جی ٹی نے مظاہرین اور دھرنے پر بیٹھے لوگوں کو فی الحال اجمیری گیٹ واقع رام لیلا میدان میں فوراً بھیجنے کی ہدایت متعلقہ افسرا ن کو دی ہے۔

خبررساں ایجنسی بھاشا کے مطابق سوموار کو این جی ٹی نے دہلی پولیس سے اپنے اس آرڈرپر عمل کر نے کے بعدرپورٹ پیش کرنے کو کہا جس میں اس نے جنتر منتر علاقے میں سبھی طرح کے مظاہرےاور لوگوں کے جمع ہونے پر روک لگا دی تھی۔