حقوق انسانی

تمل ناڈو:ندی جوڑمنصوبے کے متعلق کتاب لکھنے والے سماجی کارکن کے خلاف راج دروہ کا مقدمہ

اگر مجھے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی اجازت نہیں ہے، تو یہ کیسی جمہوریت ہے؟

jayaraman_newsminute

Photo : TheNewsMinute

نئی دہلی : تمل ناڈو کے ایک سماجی کارکن کے خلاف صرف اس وجہ سے راج دروہ (Sedition)کا مقدمہ کردیاہے کہ انہوں نے حکومت کے ندی جوڑ منصوبے کے خلاف 48 صفحے کی ایک کتاب لکھی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کتاب کی صرف 100 کاپیاں ہی پرنٹ کی گئی ہیں۔

نیوز پورٹل دی نیوز منٹ کے مطابق کتاب کے مصنف ٹی جے رامن اینٹی میتھین پروجیکٹ موومنٹ کے آرگنائزر ہیں،جن کو او این جی سی کے خلاف تن جاور ضلع میں  احتجاج کرنے کی وجہ سے 42 دن جیل میں گزارنے پڑے تھے،اس دوران انہوں نے ایک کتاب ندی جوڑ منصوبے کے خلاف لکھی۔ ضمانت پر باہر آنے کے بعد22 اکتوبر کو انہوں نے اپنی کتاب کا اجراکیاتھا۔

اس کے بعدقومی سالمیت کے خلاف بات کرنے کے معاملہ میں آئی پی سی کے سیکشن 153بی ون بی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔نیوز منٹ کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے کہا،”اگر مجھے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی اجازت نہیں ہے، تو یہ کیسی جمہوریت ہے؟ کیا ہمیں سرکاری منصوبوں کے خلاف لکھنے کی چھوٹ نہیں ہے؟ مرکزکواپنی تنقید برداشت نہیں ہے جبکہ ریاستی حکومت اپنے لوگوں کو بھول چکی ہے اور بی جے پی حکومت کے دباؤ میں ہے۔”