خبریں

بہار :100دن کی این ڈی اے حکومت میں تین بڑے گھوٹالے:لالو

پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے ٹوائلٹ گھوٹالہ پر وزیر اعلی نتیش کمار کی قیادت والی بہار میں حکمران جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مخلوط حکومت پر زبردست حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین ماہ کی جے ڈی یو اور بی جے پی حکومت میں ہزاروں کروڑ روپے کے تین بڑے گھوٹالے ہوئے ہیں۔

مسٹر یادو نے ایک بار پھر ٹوئٹ کے ذریعے وزیر اعلی نتیش کمار اور بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے لکھا- “بی جے پی کے ساتھ نتیش کمار کی حکومت کے سو دن۔ سرجن گھوٹالہ، ٹوائلٹ گھوٹالہ اور مہادلت وکاس مشن گھوٹالے کے طور پر ہزاروں کروڑ روپے کے تین بڑے گھوٹالے سامنے ہیں‘‘۔ ایک اور ٹوئٹ میں مسٹر یادو نے ٹوائلٹ دکھاتے ہوئے لکھا-’’اس طرح کے تقریباً 10 ہزار ٹوائلٹ نتیش حکومت نے لوٹ لیے‘‘۔

اس سے قبل گھوٹالے کے اجاگر ہونے کے بعد آر جے ڈی سپريمو نے ہفتہ کو ٹوئٹ کر کے نتیش کمار کو نہ صرف اس کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا تھا،بلکہ انہوں نے ٹویٹ کر کے طنز کرتے ہوئے پوچھا- “نام نہاد چارہ گھوٹالے میں یہ لوگ بولتے تھے، لالو چارہ کھا گئے۔ ابھی ٹوائلٹ گھوٹالے میں وہ کیا بولیں گے، نتیش کیا کھا گئے‘‘۔