خبریں

بہار : سرجن گھوٹالہ کے مزید دو معاملات میں فردجرم داخل

بیورو نے فردجرم سی بی آئی کی خصوصی عدالت کی جج گائتری کماری کی عدالت میں تعزیرات ہند اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت داخل کیا ہے۔

Photo : PTI

Photo : PTI

نئی دہلی :سی بی آئی نے بہار میں اربوں روپے کے سرجن گھپلہ کے مزید دو معاملات میں پٹنہ کی خصوصی عدالت میں فردجرم داخل کیا ہے۔بیورو نے یہ فردجرم سی بی آئی کی خصوصی عدالت کی جج گائتری کماری کی عدالت میں تعزیرات ہند اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت داخل کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بیورو نے ایک درخواست داخل کرکے دونوں معاملات کو سی بی آئی کے خصوصی جج کی عدالت کو سونپے جانے کی درخواست کی،جسے قبول کرتے ہوئے خصوصی عدالت نے دونوں معاملات کا ریکارڈ چارج شیٹ سمیت سی بی آئی کی خصوصی جج اجے کمار سریواستو کو سونپ دیا۔

واضح ہو کہ سی بی آئی نے دس معاملات میں ایف آئی آر درج کرکے جانچ اپنے ہاتھ میں لیا تھا جن میں سے اب تک وہ تین معاملات میں فردجرم داخل کرچکی ہے۔ سی بی آئی نے 8نومبر کو ہی سرجن گھپلہ کے ایک معاملہ میں پہلی فردجرم داخل کی تھی۔

غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)کے صدر لالو پرساد یادو نے ٹوائلٹ گھوٹالہ پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی بہار میں حکمران جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مخلوط حکومت پر زبردست حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ تین ماہ کی جے ڈی یو اور بی جے پی حکومت میں ہزاروں کروڑ روپے کے تین بڑے گھوٹالے ہوئے ہیں۔

(خبررساں ایجنسی یواین آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)