خبریں

ٹرین میں پیش امام کے ساتھ مارپیٹ: ملزموں کے خلاف کارروائی کی جائے: اسدالدین اویسی کا مطالبہ

 سماجی‘ تعلیمی پسماندگی کی بنیاد پر مسلمانوں کو ریزرویشن دیے جائیں ۔

Photo: PTI

Photo: PTI

حیدرآباد:رکن پارلیمنٹ و صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین اسدالدین اویسی نے کہا ہے کہ بی جے پی اور کانگریس دونوں اہم سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمزور طبقات کوریزرویشن فراہم کرنے کے اقدامات کریں ۔ دستور کی دفعہ 15,16کے تحت سماجی اور تعلیمی طور پر پسماندہ طبقات کو ریزرویشن فراہم کرنے کا جواز موجود ہے ۔

بی جے پی اکثریتی طبقہ کی خوشامد کررہی ہے اور دوسری جانب اپنا سیاسی فائدہ اٹھاتے ہوئے اقدامات کررہی ہے۔ پٹیلوں ‘گجروں ‘جاٹوں اور مرہٹوں کو ریزرویشن فراہمی کے مسلمان مخالف نہیں ہیں۔ جو بھی پسماندہ ہیں انہیں ریزرویشن دیے جاسکتے ہیں۔ ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ سماجی‘ تعلیمی پسماندگی کی بنیاد پر مسلمانوں کو ریزرویشن دیے جائیں جبکہ اس کی حمایت میں مختلف رپورٹس موجود ہیں۔

انہوں نےکہا کہ گجرات میں کانگریس نے طے کیا ہے کہ وہ پٹیلوں کو ریزرویشن فراہم کرے گی۔ بی جے پی نے فیصلہ کیا ہے کہ پٹیلوں کو ای بی سی کوٹہ میں 10فیصد ریزرویشن دے گی ۔ اسی طرح بی جے پی نے ہریانہ میں جاٹوں کو ‘راجستھان میں گجروں کو اور مہاراشٹرا میں مرہٹوں کو ریزرویشن کا وعدہ کیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:  ٹرین میں مسجد کے پیش امام سمیت دو اور لوگوں پر جان لیوا حملہ

جب کبھی ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ مسلمانوں کو ریزرویشن فراہم کئے جائیں تو بی جے پی اور سنگھ پریوار کا یہ کہنا ہوتا ہے کہ مذہب کے نام پر ریزرویشن نہیں دیئے جاسکتے ۔ ہم بھی ریزرویشن کا مطالبہ مذہب کی بنیاد پر نہیں کررہے ہیں۔ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ مسلمانوں میں جو پسماندہ ہیں انہیں ریزرویشن فراہم کئے جائیں۔

انہوں نے اترپردیش میں ٹرین میں پیش امام کے ساتھ مارپیٹ کے مسئلہ پر وزارت ریلوے پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ جب تک وزیرریلوے سخت کارروائی نہیں کریں گے تب تک یہ واقعات نہیں رکیں گے ۔ ریلوے پولیس جب تک حرکت میں نہیں آئے گی اس وقت تک ان واقعات پر قابو نہیں پایا جاسکے گا۔

وزیرریلوے اس طرح کے ملزمین کے خلاف کارروائی کے لئے تیار نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس طرح کے واقعات پر سخت ایکشن لیا جائے۔ٹرینوں میں مارپیٹ کے بہت سارے واقعات رپورٹ نہیں کئے جارہے ہیں۔ ٹرینوں میں نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ ان واقعات پر اسی وقت روک لگے گی جب سخت کارروائی کی جائے گی۔