خبریں

بجلی سے محروم ریاستوں کی لسٹ میں بہار ، یو پی اور جھارکھنڈ سب سے اوپر

وزارت بجلی کے پورٹل ‘سوبھاگّیہ’ کے مطابق ملک میں 4 کروڑ گھر بجلی سے محروم ہیں جس میں تقریباً 50 فیصد سے زیادہ گھر اتّر پردیش اور بہار سے ہیں۔

علامتی تصویر | رائٹرس

علامتی تصویر | رائٹرس

نئی دہلی : ملک کے تمام گھروں میں بجلی پہنچانے کے ہدف کو پورا کرنے کے لئے اب ایک سال کا وقت ہی بچا ہے مگر جھارکھنڈ، بہار اور اتّر پردیش اس معاملے میں ابھی پھسڈی ثابت ہو رہے ہیں۔جھارکھنڈ سب سے پیچھے ہے جہاں 55.5 فیصد دیہاتی گھروں میں بجلی نہیں پہنچی ہے۔ وہیں بہار اور اتّر پردیش میں یہ اعداد و شمار بالترتیب 52.41 فیصد اور 48.45 فیصد ہے۔ملک میں بجلی کنیکشن کی سہولت سے محروم تمام 4 کروڑ سے زیادہ گھروں میں سے 90 فیصد فیملی اتّر پردیش اور بہار سمیت سات ریاستوں میں ہیں۔ اتّر پردیش میں ابھی 1.46 کروڑ فیملی تک بجلی پہنچنا باقی ہے وہیں بہار میں یہ تعداد 64.70 لاکھ ہے۔

وزارت بجلی کے  پورٹل’ سوبھاگّیہ’ کے مطابق کیرل، پنجاب اور تمل ناڈو جیسی کچھ ریاستوں میں سو فیصد دیہاتی گھروں میں بجلی پہنچ چکی ہے۔قابل ذکر ہے کہ حکومت نے بجلی سے محروم چار کروڑ سے زیادہ فیملی کو بجلی کنیکشن دستیاب کرانے کے لئے وزیر اعظم سہج بجلی ہر گھر اسکیم’  سوبھاگّیہ’ شروع کی ہے۔ اس کے تحت دسمبر 2018 تک تمام گھروں کو بجلی پہنچانے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔حکومت کا ملک میں تمام گھروں کو ساتوں دن 24 گھنٹے بجلی پہنچانے کا ہدف ہے۔ اس کو حاصل کرنے کے لئے تمام فیملی کو بجلی کنیکشن دستیاب کرانا ضروری شرط ہے۔وزارت کی ‘سوبھاگّیہ’  پورٹل کے مطابق بہار میں کل 123.46 لاکھ دیہاتی فیملی میں سے 58.76 لاکھ گھروں میں اب تک بجلی پہنچائی جا سکی ہے۔ جبکہ 64 لاکھ سے زیادہ گھر بجلی سے محروم ہے۔ وہیں اتّر پردیش میں 302.34 لاکھ گھروں میں سے 146.47 لاکھ فیملی جبکہ مدھیہ پردیش میں 114 لاکھ فیملی میں سے 39.43 فیصدفیملی بجلی سے محروم ہیں۔

جھارکھنڈ میں 54.81 لاکھ دیہی گھروں میں سے 55.5 فیصد فیملی کے پاس بجلی کنیکشن نہیں ہے۔ اس معاملے میں دیگر پھسڈی ریاستوں میں آسام 46.45 فیصد، اؤڈشا 38 فیصد اور راجستھان 22 فیصد شامل ہیں۔ملک میں بجلی سے محروم  سات ریاستوں میں اتّر پردیش 146.47 لاکھ، بہار 64.70 لاکھ، مدھیہ پردیش 44.95 لاکھ، اڈیشا 32.62 لاکھ، جھارکھنڈ 30.42 لاکھ، آسام 24.10 لاکھ اور راجستھان 20.14 لاکھ کی حصّہ داری تقریباً 90 فیصد ہے۔نیتی آیوگ کے چیف ایگزیکیٹو افسر امیتابھ کانت نے گزشتہ ہفتہ ایک پروگرام میں کہا، ‘ ملک میں بجلی سے محروم تمام فیملی میں 90 فیصد فیملی سات ریاستوں میں  ہیں اور یہ ہر گھر کو بجلی دستیاب کرانے کے ہدف کو پورا کرنے کے لئے بڑا چیلنج ہے۔ ترقی یافتہ ریاستوں کے زمرے  میں آنے والے مہاراشٹر میں 139.14 لاکھ فیملی میں سے 3.61 لاکھ فیملی بجلی سے محروم ہیں۔ وہیں جمّوں وکشمیر میں 12.91 لاکھ دیہی فیملی میں سے 2.70 لاکھ فیملی تک بجلی پہنچنا باقی ہے’۔

پنجاب، آندھر پردیش، گووا، گجرات، کیرل، تمل ناڈو اور پڈوچیری میں سو فیصد دیہاتی فیملی کو بجلی دستیاب کرائی جا چکی ہے۔’سوبھاگّیہ’ اسکیم کی کل لاگت 16،320 کروڑ روپیے ہے جس میں سے مرکز 12،320 کروڑ روپیے کی کل امداد دے‌گا۔ اسکیم  نافذکر نے کی ذمہ داری نوڈل ایجنسی دیہی بجلی کاری کارپوریشن کی ہے۔