خبریں

جی ایس ٹی،نوٹ بندی کی مار سے باہر نکلنےمیں دو سال اور لگیں‌گے : سابق آربی آئی گورنر

آر بی آئی کے سابق گورنر وائی وی ریڈّی نے کہا، اس وقت اقتصادی ترقی کو لےکر اندازہ لگانا کافی مشکل ہے۔ ترقی کی رفتار میں تیزی کے لئے دو سال کی  ضرورت ہے۔

Photo:Reuters

Photo:Reuters

ممبئی : آر بی آئی  کے سابق گورنر وائی وی ریڈّی نے جی ایس ٹی اور نوٹ بندی جیسے اقدامات سے معیشت کو لگے جھٹکے کو دیکھتے ہوئے موجودہ مالی سال کی جی ڈی پی کی ترقی کا اندازہ لگانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کو ان حالات سے پوری طرح باہر آنےاور ترقی کے راستے پر آگے بڑھنے کے لئےاور دو سال کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اقتصادی ترقی کو لےکر کوئی اندازہ لگانا کافی مشکل کام ہے، یا پھر یہ کہنا کہ معیشت پھر سے 7.5 سے 8 فیصد کی ممکنہ اونچائی کے راستے پر کب لوٹے‌گی۔ بہر حال، یہ حالت اگلے 24 ماہ کے دوران بنتی نہیں دکھائی دیتی ہے۔

ریڈّی نے نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب میں کہا، یہ ایک جھٹکا ہے ، اس میں کچھ بہتری آ سکتی ہے اور اس کے بعد کچھ فائدہ مل سکتا ہے۔ فی الحال اس وقت اس میں پریشانی ہے اور فائدہ بعد میں ہو‌گا۔ کتنا فائدہ ہوگا اور کتنے وقفے کے بعد یہ ہوگا یہ دیکھنے کی بات ہے۔آر بی آئی کے سابق گورنر نے کہا، میرا اندازہ ہے کہ اس میں کچھ سال لگ سکتے ہیں۔ کچھ سال میں ہم پھر سے 7.5 سے 8 فیصد ترقی پر پہنچنے کا ہدف لےکر چل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، جھٹکے سے جو پریشانی کھڑی ہوئی تھی وہ کم ہو رہی ہے جبکہ مثبت ماحول ابھی آنا باقی ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ ماحول آئے‌گا۔

ریڈّی نے کہا کہ معیشت کو تین سال تک ایک قسم کا مثبت جھٹکا کچّے تیل کے دام میں بھاری گراوٹ کی شکل میں ملا ہے۔ لگاتار تین سال تک عالمی بازار میں کچّے تیل کی قیمت حیرت انگیز طور پر نیچے رہی۔انہوں نے یاد کیا کہ جب وہ گورنر تھے اس کے مقابلے پچھلے تین سال میں کچّے تیل کی قیمت ایک تہائی پر آ گئی تھی۔ حالانکہ، اس دوران جی ایس ٹی اورنوٹ بندی وغیرہ کی وجہ سے اقتصادی ترقی متاثر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اونچی ترقی کے دوران پچھلی حکومت میں بنا غور وفکرکے دئے گئے قرض اور بد عنوانی کے الزامات کو لےکرٹیلی مواصلات اور کوئلہ محکمے میں پیش آے واقعات سے کمپنی کے شعبے پر کافی دباؤ بڑھ گیا۔ اس پورے واقعات سے بینکنگ نظام میں پھنسا قرض 15 فیصد تک بڑھ گیا تھا۔