خبریں

یورپی یونین کے رکن ممالک کا دفاعی یونین کے قیام کا فیصلہ

یورپی یونین کے رکن اٹھائیس میں سے پچیس ممالک نے پہلی بار آپس میں مستقل بنیادوں پر دفاعی شعبے میں تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔ یونین کی رکن ریاستوں کے وزرائے خارجہ کے اس فیصلے کو یورپی دفاعی یونین کے قیام کا نام دیا جا رہا ہے۔

pesco_Reuters

برسلز میں یورپی یونین کے صدر دفاتر سے پیر گیارہ دسمبر کو موصولہ مختلف خبر رساں اداروں کی رپورٹوں کے مطابق ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ رکن ریاستوں کے وزرائے خارجہ نے آپس میں دفاع اور سلامتی کے شعبے میں مستقل بنیادوں پر تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق اپنے اس اقدام کے ساتھ ان یورپی ریاستوں نے مجوزہ یورپی دفاعی یونین کے قیام کی بنیاد رکھ دی ہے۔

نیٹو کی مشرقی دہلیز پر روسی جنگی مشقیں، عسکری طاقت کا مظاہرہ بریگزٹ مذاکرات میں اہم پیش رفت یورو زون: آبادی 34 کروڑ، عالمی پیداوار میں حصہ 11 فیصد ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ مستقل بنیادوں پر یونین کے ابھی تک 28 میں سے 25 رکن ممالک کے مابین اس تعاون سے یہ ریاستیں آپس کے دفاعی تعاون کو اس حد تک مضبوط بنا سکیں گی کہ یوں ان کی انفرادی کے ساتھ ساتھ مشترکہ عسکری صلاحیت میں بھی اضافہ ہو گا اور ساتھ ہی یورپی یونین کے اس کے دفاع کے لیے امریکا اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو پر انحصار کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق اس یورپی معاہدے کو ’پَیسکو‘ (PESCO) کا نام دیا گیا ہے، جو دفاعی شعبے میں ان ممالک کے مابین Permanent Structured Cooperation کی اصطلاح کا مخفف ہے۔ یورپی وزرائے خارجہ کے اس فیصلے کے مطابق اس اشتراک عمل میں یونین کا ہر رکن ملک شامل ہو سکتا ہے اور یہ شمولیت صوابدیدی یا اختیاری ہو گی۔ یعنی اس میں شمولیت کسی بھی رکن ریاست کے لیے لازمی نہیں ہے۔فی الحال اس میں جرمنی کے علاوہ چوبیس دیگر رکن ریاستوں نے اپنی شمولیت کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کل 28 میں سے جن تین ممالک نے اس میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، وہ ڈنمارک، مالٹا اور برطانیہ ہیں۔

شروع میں اس دفاعی معاہدے کے تحت 17 ٹھوس لیکن مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ ان سترہ منصوبوں میں یہ بھی شامل ہے کہ یونین اپنی ایک مشترکہ میڈیکل کور قائم کرے گی اور عسکری لاجسٹکس کے شعبے میں ایک مشترکہ مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف رکن ممالک کی مسلح افواج کے مابین عسکری نوعیت کی معلومات کی ریڈیائی ترسیل کے لیے یہی 25 ممالک آپس میں مشترکہ معیارات بھی طےکریں گے۔اس سلسلے میں یونین کی طرف سے تیار کردہ ایک دستاویز کے مطابق برسلز میں پیر کے روز ان دو درجن سے زائد یورپی ممالک نے جس ’پَیسکو‘ معاہدے پر دستخط کر دیے، اس کے لیے حتمی تیاریاں گزشتہ ماہ ہی یورپی یونین کےوزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کے ایک اجلاس میں مکمل کر لی گئی تھیں۔

ڈی پی اے کے مطابق یورپی ممالک کے مابین یہ ڈیفنس اور سکیورٹی تعاون (دفاعی یونین) اس حقیقت کے ساتھ متوازی طور پر مؤثر ہو سکے گا کہ ان ممالک کی اکثریت مستقبل میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی رکن بھی رہے گی۔ اس وقت اٹھائیس رکنی یورپی یونین کی 22 ریاستیں نیٹو کی بھی رکن ہیں۔ پیسکو کی صورت میں دفاعی یونین میں شامل ریاستیں نیٹو کی رکن ہوتے ہوئے بھی آپس کے باہمی تعاون میں مزید اضافہ کر سکیں گی۔