خبریں

مظفر نگر فساد: سابق مرکزی وزیر اور بھاجپا ایم ایل اے کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری

اتر پردیش سرکار میں وزیر سریش رانا، سابق مرکزی وزیر سنجیو بالیان، بھاجپا ایم ایل اے سنگیت سوم اور امیش ملک  سے 19 جنوری 2018 کوعدالت نے پیش ہونے کے لئےکہا۔

muzaffarnagar riots

مظفر نگر: اترپردیش کی ایک مقامی عدالت نے ریاستی حکومت میں وزیر سریش رانا، سابق مرکزی وزیر سنجیو بالیان، بھاجپا ایم ایل اے سنگیت سوم اور امیش ملک کے خلاف سال 2013 کے مظفر نگر فساد معاملہ میں غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔ ان کے خلاف ریاستی حکومت سے مقدمہ چلانے کی اجازت کے بعد عدالت نے وارنٹ جاری کیاہے۔

اسپیشل جانچ ٹیم کے افسران کے مطابق ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ مدھو گپتا نے تازہ غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرتے ہوئے ملزمین سے 19 جنوری 2018 کو عدالت میں پیش ہونے کے لئے کہا۔

ایس آئی ٹی نے ملزمین کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153اے کے تحت مبینہ طور پر نفرت انگیز تقریر کرنے کے سلسلے میں مقدمہ چلانے کے لیے اتر پرد یش حکومت سے اجازت طلب کی تھی اور حکومت نے اس کی اجازت دے دی۔

ان پر الزام ہے کہ ان لوگوں نے ایک مہا پنچایت میں حصہ لیا تھا اور اگست 2013 کے آخری ہفتہ میں اپنی تقریر کے ذریعہ تشدد بھڑکا یا۔ اس کے علاوہ ان ملزمین پر آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت معاملے درج ہیں۔

غور طلب ہے کہ مظفر نگر اور  اس کے آس پاس کے علاقوں میں سال 2013 کے اگست اور ستمبر مہینے میں فرقہ وارانہ جھڑپ ہوئی تھی۔ جس میں 60 سے زیادہ افراد کی موت ہوگئی تھی اور 40000سے زیادہ لوگ بے گھر ہوگئے تھے۔