خبریں

’ گاندھی کے قتل سے متعلق دستاویز تک رسائی کو ممکن بنایا جائے‘

ایک آر ٹی آئی کے حوالے سےکمیشن  نے کہا ؛ نیشنل آرکائیو آف انڈیاکو مہاتما گاندھی کے قتل کے رکارڈ تک آسانی سے رسائی کے ساتھ ساتھ ان کی زندگی اور قومی تحریک کے بارے میں اطلاعات کو لےکر ایک میکانزم تیار کرنا چاہئے۔

Photo: Reuters

Photo: Reuters

نئی دہلی:سینٹرل انفارمیشن کمیشن (سی آئی سی)نے نیشنل آرکائیوآف انڈیا(این اے آئی)کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹ کے ہوم پیج پر خاص آئکن یا ونڈو بنائے تاکہ لوگ مہاتما گاندھی کے قتل سے متعلق رکارڈ آسانی سے دیکھ سکیں۔اطلاعاتی کمشنر شری دھر آچاریلو نے کہا کہ نیشنل آرکائیو آف انڈیاکو مہاتما گاندھی کے قتل کے رکارڈ تک آسانی سے رسائی کے ساتھ ساتھ ان کی زندگی اور قومی تحریک کے بارے میں اطلاعات  کو لےکر ایک میکانزم تیار کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا؛’نیشنل آرکائیو  کے رکارڈ میں کوئی آدمی نیتا جی سبھاش چندر بوس کے دستاویز سے متعلق جانکاری حاصل کر سکتا ہے۔ نیتا جی پر دستاویزوں کے لئے الگ سے ایک پیج ہے، جس کو کلک کرکے دیکھا جا سکتا ہے۔ مہاتما گاندھی سے متعلق دستاویز اتنی آسانی سے دستیاب نہیں ہیں۔‘

کمیشن نے نیشنل آرکائیو کو جواہرلال نہرو، سردار ولّبھ بھائی پٹیل، لال بہادر شاستری، گلزاری لال نندہ اور اندرا گاندھی سمیت دوسرے  معروف لیڈروں سے متعلق رکارڈ بھی آسانی سے دستیاب کرانے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے رکارڈ کے مختلف زمرےکی فہرست، کیٹلاگ وغیرہ کو آر ٹی آئی ایکٹ کی دفعہ 4 کے تحت اپنی مرضی سے خلاصے کے تحت شائع کرنے کی بھی ہدایت دی۔آچاریلو نے کہا؛’کمیشن سب سے پہلے ترجیح کی بنیاد پر فوراً راشٹرپتا سے متعلق دستاویز اورایک خاص وقت  کے اندر دوسرے لوگوں سے متعلق دستاویز تک آسانی سے رسائی  کے لئے فزیکل اور آن لائن سسٹم قائم کرنے کی سفارش کرتا ہے۔‘

آچاریلو نے یہ ہدایت نتن ساگر کے آر ٹی آئی کی درخواست پر دی ہے۔ انہوں نے مہاتما گاندھی کے قتل کے سلسلے میں درج ایف آئی آر، عدالتی کارروائی، فیصلے وغیرہ سے متعلق دستاویز کو حاصل کرنے کے عمل کو جاننے کے لئے این اے آئی کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ نہ تو طالب علم ہیں اور نہ ہی محقق ہیں۔نیشنل آرکائیو نے کہا کہ محقق، غیر محقق یا عام لوگوں کو فی صفحے  کے حساب سے  دو روپیہ جمع کرنے پر دستاویز کی عکسی کاپیاں فراہم کی جاتی ہیں۔