خبریں

چھتیس  گڑھ : 11مہینے میں 14 صحافی گرفتار کئے گئے

رپورٹرز ودآؤٹ بارڈز کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق میڈیا فریڈم کے لحاظ سے ہندوستان کی صورت حال افغانستان اور نیپال سے بدتر ہے۔

ReportersWithoutBorder

نئی دہلی : : چھتیس  گڑھ پولیس نے گزشتہ 11 مہینے میں الگ الگ معاملوں میں صحافی ونود ورما سمیت 14 صحافیوں کو گرفتار کیا ہے۔اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر ٹی ایس سنگھ دیو کے سوال کے تحریر شدہ جواب میں وزیر داخلہ رام سیوک پیکرا نے بتایا کہ جنوری، 2017 سے 29 نومبر، 2017 تک ریاست کی پولیس نے 14 صحافیوں کو گرفتار کیا ہے۔

پیکرا نے بتایا کہ ان صحافیوں کے خلاف الگ الگ معاملےدرج تھے جس کے بعد ان کو گرفتار کیا گیا ہے۔وزیر کے تحریر شدہ جواب کے مطابق گرفتار صحافیوں میں ریاست میں وزیر کے مبینہ فحش سی ڈی معاملے کے ملزم ونود ورما بھی شامل ہیں۔

جواب میں بتایا گیا ہے کہ ورما کو رائے پور ضلع کی پولیس نے 27 اکتوبر کی صبح اتر پردیش کے غازی آباد سے گرفتار کیا ہے۔ورما سے ایک لیپ ٹاپ، ایک پین ڈرائیو، ایک ڈائری، ایک لفافے میں 224000 روپیے بر آمد ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ دو موبائل اور پانچ سو کی تعداد میں فحش سی ڈی بر آمد کی گئی ہے۔وزیر نے اپنے جواب میں بتایا ہے کہ ورما کو پرکاش بجاج کی شکایت کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ صحافی ورما وزیر کی مبینہ فحش سی ڈی معاملے میں رائے پور کے مرکزی جیل میں ہے اور سی بی آئی معاملے کی جانچ‌کر رہی ہے۔وزیر کے ذریعے دئے گئے جواب کے مطابق اس مدت میں درگ اور رائے پور ضلع میں دودو صحافیوں کو، کونڈاگاؤں ضلع میں تین صحافیوں کو اور سورج پور، کوریا، سکما، منگیلی، گریابند، بلاس پور اور کانکیر ضلع میں ایک ایک صحافی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح ہو کہ چھتیس گڑھ ہمیشہ سے صحافیوں کے لیے ایک خطرناک علاقہ رہا ہے۔پچھلے کچھ سالوں میں کئی صحافی پولیس اور ماؤنوازوں کے ہاتھوں ہلاک ہو چکے ہیں۔دو سال قبل چھتیس گڑھ میں صحافیوں کے خلاف بڑھتے مظالم کو روکنےکے لیے صحافیوں کی طرف سے ایک قانون بناے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔دریں اثنارپورٹرز ودآؤٹ بارڈز کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق میڈیا فریڈم کے لحاظ سے ہندوستان کی صورت حال افغانستان اور نیپال سے بدتر ہے۔

غورطلب ہے کہ رپورٹرس وداؤٹ بارڈرس کے مطابق  پچھلے سال کی بہ نسبت ہندوستان میں میڈیا فریڈم میں گراوٹ آئی ہے ۔میڈیا فریڈم انڈیکس میں پچھلے سال ہندوستان 133نمبر پر تھاجبکہ اس سال 136نمبر پر ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)