حقوق انسانی

سچائی سامنے لانے والے بن رہے ہیں نشانہ: شتروگھن سنہا

بی جے پی لیڈر نے آج ٹوئٹ کرکے کہا کہ سماج اور قوم کے لئے سچائی سامنے لانے والے لوگوں کو نشانہ بناکر ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

Shatrughan-Sinha-PTI

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور بالی وڈ اداکار شتروگھن سنہا نے ’آدھار‘ سے متعلق معلومات کا غلط استعمال ہونے سے متعلق رپورٹ دینے والے صحافی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی مذمت کی ہے۔

بی جے پی لیڈر نے آج ٹوئٹ کرکے کہا کہ سماج اور قوم کے لئے سچائی سامنے لانے والے لوگوں کو نشانہ بناکر ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا’ آدھار سے متعلق معلومات کے غلط استعما ل میں مبینہ طور سچائی سامنے لاکر رپورٹ پیش کرنے والے ایک صحافی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کیا ہم ایک ’بنانا ریپبلک‘ میں رہتے ہیں؟ یہ کیسا انصاف ہے؟ کیا یہ انتقام کی سیاست ہے؟ سماج اور قوم کے لئے سچائی سامنے لانے والے لوگوں پر حملے کئے جارہے ہیں۔‘‘

اس معاملے میں متعلقہ افسر ان سے مناسب کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے مسٹر سنہا نے کہا کہ اس معاملے کو مضبوطی سے اٹھانے کے لئے وہ ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ متعلقہ افسران کے علاوہ حکومت اور سپریم کورٹ بھی اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مناسب قدم اٹھائے گا۔

دریں اثنا پنجاب کی صحافی تنظیموں نے  بھی صحافی کے خلاف  ایف آئی آر کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے معاملہ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔جالندھر کی صحافی تنظیموں نے صحافی رچنا کھیرا کے خلاف درج معاملہ کو پریس کی آزادی پر حملہ قرا ردیتے ہوئے ناراضگی ظاہر کی ہے اور اس کے خلاف مظاہرہ بھی کیا۔ صحافی تنظیموں نے مرکزی حکومت کو توجہ دلاتے ہوئے میمورنڈم بھی ضلع انتظامیہ افسران کو سوپنے ہی۔

(خبر رساں ایجنسی یواین آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)