خبریں

اب چہرے کے ذریعے بھی ہو سکے‌ گی آدھار کی تصدیق

موجودہ نظام میں آدھار کی تصدیق انگلیوں کے نشان اور آنکھوں کی پتلی کے اسکین کے ذریعے کی جاتی ہے۔

Photo: Reuters

Photo: Reuters

نئی دہلی : Unique Identification Authority of India(یو آئی ڈی اے آئی) نے چہرے کے ذریعے آدھار کارڈ کی تصدیق کی اجازت سوموار کو دے دی۔ اس طرح سے آدھار تصدیق کے لئے ایک نیا طریقہ اور جڑ گیا ہے۔  ابتک یہ کام انگلیوں کے نشان اور آنکھوں کی پتلی (آئرس)کے اسکین کے ذریعے کیا جاتا ہے۔

اتھارٹی کے اس قدم سے ان لوگوں کو راحت ہوگی جو کئی وجہوں کے چلتے آدھار کی تصدیق کے لئے ‘ فنگر پرنٹ ‘ اور ‘ آئرس ‘ کا استعمال نہیں کر پاتے۔سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نئی سہولت ،تصدیق کے موجودہ طریقوں کے ساتھ مل‌کر دستیاب ہوگی۔  تصدیق کی یہ نئی سہولت ایک جولائی 2018 سے استعمال کے لئے دستیاب ہوگی۔

اس کے مطابق، ‘ جو لوگ ضعیفی، مشکل حالات یا انگلیوں کے نشان دھندلے ہونے جیسے حالات کی وجہ سے اپنے آدھار کا بایومیٹرک طریقے سے تصدیق نہیں کروا پا رہے، یہ نئی سہولت ان کے لئے مددگار ثابت ہوگی۔  ‘موجودہ نظام میں آدھار کی تصدیق انگلیوں کے نشان اور آنکھوں کی پتلی کے اسکین کے ذریعے کی جاتی ہے۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تصدیق کی یہ نئی سہولت ‘ ضرورت کے حساب ‘ سے دستیاب ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ یو آئی ڈی اے آئی نے پچھلے ہفتہ ہی لوگوں کو سرکاری اور دیگر خدمات کے استعمال کے لئے ایک مجازی آئی ڈی بنانے / استعمال کرنے کی اجازت بھی دی ہے۔