خبریں

ویاپم معاملے میں سابق وزیر، او ایس ڈی اور 93 دیگر کے خلاف چارج شیٹ 

سی بی آئی نے سابق وزیر لکشمی کانت شرما، ویاپم کے اس وقت کے اگزام کنٹرولر اور چیف سسٹم انالسٹ پنکج ترویدی کو ملزم بنایا ہے۔

Photo: PTI

Photo: PTI

نئی دہلی : سی بی آئی نے مدھیہ پردیش ویاپم کے ذریعے 2011 میں کانٹرکٹ پر اساتذہ کی بھرتی میں مبینہ بدنظمی کے معاملے میں منگل کو مدھیہ پردیش کے سابق وزیر لکشمی کانت شرما، ان کے او ایس ڈی اور 93 دیگر لوگوں کے خلاف  چارج شیٹ دائر کیا۔  افسروں نے یہ جانکاری دی۔

افسروں کے مطابق بھوپال کی ایک اسپیشلعدالت میں داخل چارج شیٹ میں شرما اور ان کے اس وقت کے او ایس ڈی اوپی شکلا کے علاوہ ویاپم کے اس وقت کے امتحان کے اگزام کنٹرولر پنکج ترویدی، ویاپم میں اس وقت کے چیف سسٹم انالسٹ نتن مہندرا، دو دیگر افسروں، چھ ثالثوں اور 83 امیدواروں کے نام ہیں۔

سی بی آئی کے ترجمان ابھشیک دیال نے کہا کہ مذکورہ سبھی پر مجرمانہ سازش، جعلسازی، آئی ٹی قانون کی خلاف ورزی اور بد عنوانی روک تھام قانون کے اہتماموں کے تحت ایجنسی نے معاملے درج کئے ہیں۔سی بی آئی نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر 2015 میں معاملے میں ایف آئی آر درج کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جانچ‌کے دوران ایجنسی نے چیف سسٹم انالسٹ نتن مہندرا کے کمپیوٹر اور او ایم آر آنسر شیٹ کا بھی جائزہ لیا جن سے پتا چلا کہ کانٹرکٹ پراساتذہ کی تقرری امتحان کے ذریعے انتخاب کے لئے 84 امیدواروں کے پوائنٹ مبینہ طور پر بڑھائے گئے۔سی بی آئی کے مطابق ایک مستفید امیدوار فرار ہے اور اس کے خلاف تفتیش زیر التوا ہونے کی وجہ سے چارج شیٹ میں اس کا نام نہیں ہے۔ایجنسی کا الزام ہے کہ ان میں سے کچھ امیدواروں کو شرما کے کہنے پر فائدہ پہنچایا گیا۔  شرما نے ترویدی کو ان امیدواروں کا نتیجہ بدلنے کے لئے ان کے رول نمبر دئے تھے۔

سی بی آئی نے الزام لگایا کہ لکشمی کانت شرما، اوپی شکلا اور پنکج ترویدی رول نمبر اور فارم نمبر وغیرہ کی تفصیل یکجا کرنے میں سیدھے طور پر شامل تھے۔

ایجنسی کا الزام ہے کہ نتیجہ تیار ہونے کے بعد نتن مہندرا نے نتیجہ والی فائل سے ان 84 امیدواروں کے پوائنٹ ہٹا دئے اور اس کی جگہ بڑھے ہوئے پوائنٹ درج کر دئے جس سے یہ امیدوار منتخب ہو جائیں۔سی بی آئی کو پتا چلا کہ مہندرا امتحان کے دوران ان امیدواروں کے ذریعے جمع کی گئی او ایم آر آنسر شیٹ میں تبدیلی نہیں کر سکا۔

ایجنسی کو او ایم آر شیٹ کا جائزہ لیتے ہوئے نتیجہ میں تبدیلی کی بات کا پتا چلا۔  او ایم آر سے پتا چلا کہ امیدواروں نے امتحان میں جو پوائنٹ حاصل کئے تھے، وہ ویاپم کے ذریعے اعلان  شدہ آخری نتیجوں کے مقابلے میں کم تھے۔سی بی آئی نے یہ الزام بھی لگایا کہ شرما نے ترویدی کی تقرری اگزام کنٹرولر کے طور پر کرائی جبکہ عہدے کے لئے چنے گئے تین امیدواروں میں ان کا نام نہیں تھا۔

ایجنسی کا الزام ہے کہ اس وقت کے وزیر شرما نے ویاپم کے اگزام کنٹرولر کی تقرری میں مبینہ طور پر خلاف ورزی کی۔اس کے عوض میں ترویدی نے شرما کے بتائے ہوئے کچھ امیدواروں کا غیر قانونی طریقے سے انتخاب کرایا۔سی بی آئی نے گھوٹالہ کے سلسلے میں 154 باقاعدہ معاملے درج کئے ہیں اور 90 سے زیادہ معاملوں میں آخری رپورٹ داخل کی ہے۔