خبریں

پدماوت تنازعہ:تشدد کے معاملے میں کرنی سینا سمیت چار ریاستوں کے خلاف  توہین عدالت کی عرضی دائر

 راجستھان،گجرات،مدھیہ پردیش اور ہریانہ کی سرکاروں سمیت راجپوت کرنی سینا پر توہین عدالت کی کارروائی کے مطالبہ کی عرضی پر پیر کو سماعت ہوگی ۔کرنی سیناکے کارکنوں کا پرتشدد مظاہرہ جاری ۔

Photo: Facebook

Photo: Facebook

نئی دہلی: سپریم کورٹ فلم ‘پدماوت’ کی ریلیز پر لا اینڈ آرڈر درست رکھنے سے متعلق احکامات پر عمل نہیں ہونے کو لے کر دائر توہین عدالت کی درخواستوں کی سماعت پیر کو کرے گا۔سماجی کارکن تحسین پوناوالا اور وکیل ونیت ڈھانڈانے دو الگ الگ عرجی دائر کرکے چار ریاستی سركاروں؛ راجستھان، ہریانہ، گجرات اور مہاراشٹر سمیت کرنی سینا کے عہدیداروں کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ شروع کرنے کی عدالت سے درخواست کی ہے۔ درخواست گزاروں نے چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی بنچ کے سامنے کیس کاخاص طور سے ذکر  کیا۔ ان کی دلیل تھی کہ چار وں ریاستی حکومت ’پدماوت‘ کے خلاف تشدد پر روک لگانے میں ناکام رہی ہے۔ اتنا ہی نہیں کرنی سینا نےتشدد کا سہارا لے کر عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس لئے ان سب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: فلم پدماوتی : راجپوتانہ شان یا علاءالدین خلجی کی مخالفت ؟

اس کے جواب میں جسٹس مشرا نے کہا کہ وہ معاملہ کی سماعت پیر کو کریں گے۔خیال ر ہے کہ سپریم کورٹ نے ریاستی حکومتوں کو ’پدماوت ‘کی نمائش کو لے کرنظم و نسق درست رکھنے کا حکم دیا تھا، لیکن ان ریاستوں میں کرنی سیناکے کارکنوں کا پرتشدد مظاہرہ جاری ہے۔ یہاں تک کہ اس کےکارکنان تشدد اور آگ زنی پر بھی اتر آئے ہیں۔

واضح ہو کہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ‘پدماوت’ آج ملک و بیرون ملک میں ریلیز ہو گئی جسے دیکھنے کیلئے ناظرین کی بڑی بھیڑ امڈ پڑی اور ناظرین کے ریسپانس بھی اچھے رہے۔کاروباری ذرائع کے مطابق کرنی سیناکے احتجاج اور دھمکی کے پیش نظر سنیماگھروں میں سخت سیکورٹی کے درمیان مختلف مقامات پر فلم ریلیز کی گئی اور فلم دیکھنے پہنچے ناظرین کی اچھی خاصی تعداد رہی۔ سینٹرل فلم سرٹیفیکیشن بورڈ سے سرٹیفکیٹ ملنے اور سپریم کورٹ کی جانب سے نمائش کی منظوری کے بعد ’پدماوت‘ ر یلیز تو کر دی گئی ہے لیکن راجستھان،مدھیہ پردیش، گجرات اور گوا کی حکومتوں نے اپنی اپنی ریاستوں میں فلم کی نمائش پر پابندی لگا رکھی ہے۔

تاریخی حقائق کو توڑمروڑ کر فلم میں پیش کئے جانے کا الزام لگانے والے کرنی سینا اور کچھ دیگر تنظیموں کے احتجاج و مظاہرہ اور پرتشدد واقعات کے پیش نظر شمالی ہندوستان میں فلم کی ریلیز پر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے۔اس دوران ’پدماوت‘ کی مخالفت میں کرنی سیناکے کارکنوں کی ہنگامہ آرائی اور تشدد کے واقعات کی وجہ سے دہلی اور قومی راجدھانی میں کچھ سینما گھروں کے مالکان تمام تنازعا کے ختم ہونے تک فلم کی نمائش ملتوی کئے جانے پر غور کر رہے ہیں، جبکہ بہت سے ملٹی پلیكس میں فلم سخت سیکورٹی کے درمیان دکھائی جا رہی ہے۔ ملٹی پلیكس ایسوسی ایشن آف انڈیا نے کہا ہے کہ دہلی، اتر پردیش اور اتراکھنڈ جیسی ریاستوں میں اپنے سنیما ہالوں كے باہر پولیس کے ساتھ ہی پرائیویٹ سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ فلم ڈسٹری بیوٹرز نے دہلی اور این سی آر میں سینما گھروں کے باہر پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے لئے مدد مانگی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا اور یواین آئی اردو کے ان پٹ کے ساتھ)