خبریں

پہلو خان قتل معاملہ :ملزمین بری ،پہلو اور ان کے ساتھیوں کے خلاف چارج شیٹ داخل

پہلو خان کے ساتھی عظمت کا کہنا ہے کہ یہ کس طرح کا انصاف ہے،ہم لوگوں پر حملہ ہوا اور اب ہمیں لوگوں کو مجرم قرار دیا جارہا ہے ۔

Photo : PTI

Photo : PTI

نئی دہلی :پہلو خان قتل معاملے میں داخل کیے گئےچارج شیٹ میں پہلو خان اور ان کے دو ساتھی جو  حملے کے وقت موجود تھے،ان کے خلاف ہریانہ حکومت نے گئو اسمگلنگ کا معاملہ درج کیا ہے ۔روزنامہ انڈین ایکسپریس میں شائع خبر کے مطابق الور پولیس نے بہرور ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں 24 جنوری کو یہ چارج شیٹ داخل کیا ہے۔

واضح ہو کہ ایک اپریل 2017کو پولیس نے دو ایف آئی آر درج کیا تھا۔ ایک مبینہ حملہ آوروں کے خلاف اور دوسرا پہلو خان اور ان کے دوساتھیوں کے خلاف ۔پولیس نے پہلو خان پر حملے کی ویڈیو دیکھ کر مبینہ حملہ آوروں کی نشاندہی کی تھی، جس کا مقدمہ ابھی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔لیکن ستمبر کے مہینے میں دوسرے تفتیش کے بعد پہلو خان نے مرنے سے پہلےجن 6 لوگوں  کا نام لیا تھا ان کو بری کردیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ یہ 6 لوگ حملے وقت جائے واردات پر موجود نہیں تھے، اس لیے ان پر کوئی مقدمہ نہیں بنتا ۔24 جنوری کو داخل کیے گئے چارج شیٹ میں پہلو خان کے علاوہ عظمت ،ر فیق اور ارجن لال یادو کا نام ہے۔

پولیس نے روزنامہ انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ پہلو خان اور ان کے ساتھیوں کے پاس جانور لے جانے کے لیے ضروری کاغذات موجود نہیں تھے۔اسی لیے ان پر گئو اسمگلنگ کاالزام لگایا گیا ہے۔معاملے کی تفتیش کر رہے ہیڈ کانسٹبل ہارون خان نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ہمیں کوئی کاغذات نہیں ملے اس لیے یہ لو گ گئو اسمگلنگ کے مجرم ہیں۔دریں اثنا پہلو خان کے ساتھی عظمت کا کہنا ہے کہ یہ کس طرح کا انصاف ہے،ہم لوگوں پر حملہ ہوا اور اب ہمیں لوگوں کو مجرم قرار دیا جارہا ہے ۔عظمت نے مزید کہا کہ ہمارے پاس جے پور میونسپل کارپوریشن کی جانور خریدنے کی رسید موجود ہے،ہمیں اس وقت کسی نے نہیں بتایا کہ اس کے علاوہ بھی کسی اور طرح کے پرمٹ کی ضرورت ہے۔