خبریں

ملیالم شاعر کو دھمکی دینے کے معاملے میں 6 آر ایس ایس کارکن گرفتار 

ملیالم شاعرکُری پوجھا شری کمار کوٹکل میں ہوئے پروگرام کو خطاب کرکے لوٹ رہے تھے،تبھی آر ایس ایس کارکنوں کے ایک گروہ نے ان کو کار میں بیٹھنے سے روکا اور مبینہ طور پر دھمکی دی۔ 15 لوگوں کے خلاف درج کیا گیا ہے معاملہ۔

Poet: Wikipedia

Poet: Wikipedia

نئی دہلی: کیرل کے کوللم ضلع‎میں ایک اہم ملیالم شاعر کو مبینہ طور پر دھمکی دینے کے معاملے میں منگل کو آر ایس ایس کے 6 کارکن گرفتار کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ دفتر (سی ایم او) نے اس معاملے کی تفتیش کا حکم دیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ سوموار کو تروننت پورم ضلع‎کے نییّاتّنکارا تعلقہ کے کوٹکل گاؤں میں تب ہوا جب ایک پروگرام کو خطاب کرنے کے بعد مشہور ملیالم شاعرکُری پوجھا شری کمار لوٹ رہے تھے۔

آر ایس ایس کارکنوں کے ایک گروہ نے ان کو کار میں بیٹھنے سے روکا اور مبینہ طور پر دھمکی دی۔62 سالہ شری کمار نے اپنے خطاب میں کوچی کے قریب ودیمپاڑی میں ذات برادری کی دیوار کی تعمیر کو لےکر اٹھے تنازعے پر ہندو توا کے رخ پر ان کی تنقید کی تھی۔کوللم کے ایس پی (دیہی) بی اشوکن نے بتایا کہ شاعر کی شکایت کے بعد 15 آر ایس ایس کارکنوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے جن میں 6 گرفتار کئے گئے ہیں۔کیرل اسمبلی میں بھی یہ مدعا اٹھا۔  سی ایم او نے تفتیش کا حکم دیا ہے۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعلی پینارائی وجیین نے اس معاملے کو لےکر ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے کڑی مخالفت درج کرائی ہے۔  ساتھ ہی فن کی آزادی کے لئے حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ادھر آر ایس ایس کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد بی جے پی ضلع اکائی کے ممبر ایس وجیین نے کڈکّل کے ایس آئی سے شکایت درج کرائی ہے کہ شاعر شری کمار کی تقریر بھڑکاؤ تھی۔  شاعر کے خلاف قانونی کارروائی کی مانگ کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ شری کمار نے اپنی تقریر سے فرقہ وارانہ خیرسگالی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

اس بیچ کئی ادیب  شاعر کُری پوجھا شری کمار کی حمایت میں سامنے آئے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس کو اظہار کی آزادی پر حملہ بتایا ہے۔  ادیب کے آر میرا اور کےسچدانندن نے آر ایس ایس کارکنوں کی دھمکی کے تعلق سے اپنی مخالفت درج کرائی ہے۔  وہیں ریاست کے کچھ حصوں میں شاعر کو دھمکانے کی مخالفت میں امن مارچ اور جلسہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔کُری پوجھا شری کمار کیرل کے مشہور ملیالم شاعر ہیں۔  کیجھالن نام کی کتاب کے لئے ان کو 2011 میں کیرل ساہتیہ اکادمی (شاعری) اعزاز ملا تھا۔

2003میں ادب اطفال کی خدمات کے لئے شری پدمنابھاسوامی انعام دیا گیا تھا، جس کو انہوں نے یہ کہہ‌ کر لینے سے انکار کر دیا کہ انعام کا نام ایشور کے نام پر رکھا گیا ہے۔شری کمار دہریت پر لکھتے ہیں اور خود کو دہریہ بتاتے ہیں۔  سال 1975 میں ان کو کیرل یونیورسٹی سے بہترین شاعر کا اعزاز ملا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)