خبریں

گوری  لنکیش قتل معاملہ : ہندو یووا سینا سے جڑا ایک شخص گرفتار

قتل کے چھ ماہ بعد معاملے میں پہلی گرفتاری ہوئی۔ گزشتہ سال پانچ ستمبر کو سینئر صحافی اور سماجی کارکن گوری لنکیش کو بینگلورو میں قتل کر دیا گیا تھا۔

فوٹو: فیس بک

فوٹو: فیس بک

نئی دہلی :سینئر صحافی اور سماجی کارکن گوری لنکیش کے قتل کے چھ ماہ بعد معاملے کی جانچ‌کر رہی اسپیشل جانچ ایجنسی (ایس آئی ٹی) نے ہندو یووا سینا سے جڑے ایک شخص کو گزشتہ جمعہ کوگرفتار کیا۔اس معاملے میں یہ ابتک کی پہلی گرفتاری ہے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ایس آئی ٹی نے 37 سالہ کےٹی نوین کمار نام کے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس شخص کو گزشتہ  18 فروری کو بینگلورو پولیس نے غیر قانونی گولیاں رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

ایس آئی ٹی نے کےٹی نوین کمار کو گوری لنکیش قتل معاملہ میں پہلا ملزم بنایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، کمار منڈیا کے مدّور کا رہنے والا ہے۔ ایس آئی ٹی نے مجسٹریٹ عدالت کو یہ جانکاری دےکر کمار کو گرفتار کیا کہ 18 فروری کو غیر قانونی ہتھیار کے معاملے کی جانچ‌کے دوران گوری لنکیش قتل معاملے میں اس کے (کےٹی نوین کمار) ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔معاملے کے چانچ آفیسر پولیس ڈپٹی کمشنر (بینگلورو مغرب) ایم این انوچیتھ نے بتایا کہ کےٹی نوین کمار عرف ہوتّے مانجا کو آٹھ دن کی پولیس حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ کمار کو غیر قانونی طور پر پستول کی گولیاں رکھنے کے الزام میں 18 فروری کو گرفتار کرکے اس کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت ایک معاملہ درج کیا گیا تھا۔اس سے قبل اس کے ذریعے دستیاب کرائی گئی اطلاع کی بنیاد پر پولیس اس سے اور پوچھ تاچھ کرنا چاہتی تھی اور اس کے لئے پولیس نے عدالت کا رخ کیا تھا۔ جس کے بعد عدالت نے اس کو آٹھ دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس کا چہرہ مشتبہ لوگوں میں سے ایک کے اسکیچ سے میل کھاتا ہے۔ یہ اسکیچ لنکیش کے گھر کے سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل جانکاری کی بنیاد پر تیار کئے گئے تھے۔ سینئر صحافی گوری لنکیش کے قتل کی جانچ‌کر رہی ایس آئی ٹی نے گزشتہ سال اکتوبر میں دو مشتبہ کے اسکیچ اور سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کئے۔ ایس آئی ٹی کے ذریعے جاری کئے گئے فوٹیج گوری لنکیش کے گھر کے پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے لئے گئے ہیں۔

ایس آئی ٹی نے بتایا کہ اسکیچ چشم دید سے ملی جانکاری اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر تیار کئے گئے ہیں۔ایس آئی ٹی کے چیف بی کے سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ صرف دو مشتبہ ہیں لیکن ہم نے تین اسکیچ جاری کئے ہیں جو دو چشم دید کی گواہی پر مبنی ہیں ہم نے ایک مشتبہ کے دو اسکیچ جاری کئے ہیں کیونکہ دو پیشہ ور مصور نے ان کو بنایا ہے۔

انڈین ایکسپریس سے بات چیت میں معاون سرکاری وکیل نرملا رانی نے بتایا، ‘ ابھی گوری لنکیش قتل معاملے میں صرف یہی ایک ملزم (کےٹی نوین کمار) نامزد ہے۔ جانچ‌کے بعد دوسرے ملزمین کو اس سے جوڑا جائے‌گا۔ اس مشتبہ کا سراغ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملا۔ ‘

کرائم برانچ کی شکایت کے بعد گزشتہ  18 فروری کو ملزم کےٹی نوین کمار کو مغربی بینگلورو کے اپرپیٹ پولیس تھانہ علاقہ میں واقع ایک بس اسٹینڈ سے گولیوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، تفتیش میں پتا چلا تھا کہ کمار کٹّر ہندوتوادی تنظیم ہندو یووا سینا سے جڑا ہوا ہے اور مبینہ طور پر وہ سناتن سنستھا اور جن جاگرتی سمیی کا بھی ممبر ہے۔اس کے پاس سے 0.32 کیلیبر کی 15 راؤنڈ سے زیادہ کارٹریج ملی ہے جو کہ 7.35 ایم ایم کارٹریج کی طرح ہی ہوتی ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، گوری لنکیش کا قتل مغربی بینگلورو واقع ان کے گھر کے باہر 7.65 ایم ایم کی دیسی پسٹل سے گولی مار‌کر گزشتہ سال پانچ ستمبر کو کر دیا تھا۔ حملے کے وقت نامعلوم حملہ آور نے ہیلمیٹ پہن رکھا تھا۔ حملہ آور کے علاوہ قتل میں استعمال ہونے والے موٹرسائیکل کا بھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔

وہ ‘ گوری لنکیش پتریکے ‘ نام کی ہفتہ وار میگزین کی مدیر تھیں۔ اس میگزین کو ‘ حکومت مخالف ‘ اشاعت کی شکل میں جانا جاتا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ )