خبریں

بہار : ہم اقتدار میں آئے تو شراب بندی سے جڑے معاملے واپس ہوں‌گے : آر جے ڈی

آر جے ڈی کے نائب صدر شیوانند تیواری نے بہار میں اقتدار میں آنے پر شراب بندی قانون کے تحت جیل میں بند 1.3 لاکھ لوگوں کو چھوڑنے کی بات کہی۔

Shivanand Tiwari RJD

لالو یادو کے ساتھ آر جے ڈی کے نائب صدر شیوانند تیواری / فائل فوٹو: امر اجالا

نئی دہلی: راشٹریہ جنتا دل کے سینیئر نائب صدر شیوانند یتواری نے وعدہ کیا ہے کہ اگر ان کی پارٹی حکومت  میں آئی تو شراب بندی کے تمام معاملے واپس لئے جائیں‌گے۔دی ٹائمس آف انڈیا میں شائع خبر کے مطابق، آر جے ڈی(راجد)نے اقتدار میں آنے پر شراب بندی قانون کے تحت جیل میں بند 1.3 لاکھ قیدیوں کو آزاد کرنے کی بات کہی ہے۔  پارٹی کے نائب صدر شیوانند تیواری نے شراب بندی قانون کو ‘ تغلقی ‘ قرار دیا۔این ڈی ٹی وی کے مطابق پٹنہ میں سوموار کو منعقد ایک نامہ نگار کانفرنس میں تیواری نے صاف کیا کہ چونکہ اس معاملے میں زیادہ تر غریب، دلت لوگ جیل میں بند ہیں اس لئے پارٹی ان کو راحت دینے کے لئے تمام معاملے واپس لے‌گی۔  راجد شروع سے شراب بندی کے خلاف رہی ہے اور اس کا ماننا ہے کہ یہ فیل ہو چکا ہے۔

اسمبلی ضمنی انتخاب میں بھی چاہے تیجسوی یادو ہوں یا رابڑی دیوی شراب بندی کی اپنی تقریر میں ذکر ضرور کرتے ہیں۔  سوموار کو ہی جہان آباد میں تشہیر کرتے ہوئے رابڑی دیوی نے کہا کہ اب ہوم ڈیلیوری سے بیڈ روم تک شراب لوگوں کے گھر پر پہنچائی جا رہی ہے۔  ریاست میں ایمرجنسی کے دوران جتنے لوگ جیل نہیں گئے اس سے کئی گنا لوگ دو سال میں شراب بندی کے چکر میں جیل کی ہوا کھا رہے ہیں۔