خبریں

ایس ایس سی فراڈ معاملہ : 12 انکم ٹیکس کلرکوں پر مقدمہ درج

سی بی آئی کے اینٹی کرپشن بیورو نے ایس ایس سی کے کچھ افسروں پر بھی امتحان کے لئے جاری داخلہ کارڈوں میں بےقاعدگی کی تصدیق کئے بغیر ملزمین کو تقرری خط جاری کرنے کا الزام لگایا ہے۔

SSC-Scam1-PTI 3_4_2018_000021B-1024x682

ناگ پور:سی بی آئی کےاینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی)نے مبینہ طور پر فرضی طریقے سے نوکری پانے کو لےکر ناگ پور کے انکم ٹیکس آفس کے 11 کلرکوں اور راجستھان کے ایک انکم ٹیکس  کلرک کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔6 مارچ کو درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق بیورو نے اسٹاف سلیکشن کمیشن (ایس ایس سی) کے کچھ نامعلوم افسروں پر بھی ان عہدوں کے امتحان کے لئے جاری داخلہ کارڈ میں بےضابطگی کی تصدیق کئے بغیر ملزمین کو تقرری خط جاری کرنے کا الزام لگایا ہے۔ایف آئی آرکی کاپی سی بی آئی نے اپنی ویب سائٹ پر ڈال دی ہے۔  کمیشن نے 2012 اور 2014 کے درمیان انتخابی عمل منعقد کیا تھا۔  اس عمل کے تحت تحریری اور اسکل ٹیسٹ ہوا تھا۔یہ جعل سازی  تب سامنے آئی جب تحریر ی امتحان اور اسکل ٹیسٹ  کے لئے ان ملازمین‎ کو جاری کئے گئے داخلہ کارڈ میں ان کے دستخط میں فرق پایا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ان ملازمین‎ نے امتحان میں اپنی جگہ ڈمی امیدوار کو بٹھاکر نگراں کو دھوکہ دیا۔انہوں نے امتحان میں ان کی جگہ بیٹھنے والے ڈمی امیدواروں کی فوٹو کے ساتھ اپنی فوٹو کی ہیراپھیری کر دی۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمین نے داخلہ کارڈ پر کافی آسان دستخط کئے تاکہ ڈمی امیدوار آسانی سے اس کو نقل کر سکے اور امتحان میں ان کی جگہ بیٹھ سکے۔کمیشن کے کچھ افسروں نے داخلہ کارڈ میں بےضا بطگی کی تصدیق کئے بغیر ہی ان امیدواروں کو تقرری خط جاری کر دئے۔ناگ پور کے انکم ٹیکس آفس کے دو اسٹینوگرافر اور کثیرکام ملازمین‎اور راجستھان کے جھنجھنو انکم ٹیکس آفس کے ایک کلرک کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔