خبریں

ہندوستان سے زیادہ خوشحال ملک ہے پاکستان: ڈبلیو ایج آئی آر

 اقوام متحدہ  کے ذریعے جاری انڈیکس میں ہندوستان 133ویں پائیدان پر ہےجبکہ پاکستان 75ویں پائیدان پر ہے۔افغانستان کو چھوڑ دیا جائے تو تمام ممالک ہندوستان سے زیادہ خوش حال ہیں۔

India Map

نئی دہلی: اقوام متحدہ(یو این)  کی طرف سے جاری تازہ ترین سالانہ ورلڈ ہیپی نیس انڈیکس  رپورٹ (World Happiness Index Report)میں ہندوستان کو پاکستان اور بنگلہ دیش سمیت اپنے دیگر پڑوسی ممالک سے بھی نیچے 133 واں مقام ملا ہے۔رپورٹ میں فن لینڈ سب سے خوش حال ملک رہا اور اس کے بعد ناروے اور ڈنمارک کا نام ہے۔خوشحالی کے معاملے میں سب سے آخری پائیدان پر برونڈی کا نام ہے۔

یو این کے ایس ڈی ایس این(Sustainable Development Solutions Network) کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان 0.698 پوائنٹ کی گراوٹ کے ساتھ گزشتہ سال کے اپنے 122 ویں مقام سے نیچے آ گیا۔World Happiness Day(عالمی یوم خوشحالی) 20مارچ کو منایا جاتا ہے جس کے پہلے ماہر اقتصادیات کے ذریعے اقتصادی، صحت اور ووٹنگ سے متعلق اعداد و شمار  یکجا کر کے یہ رپورٹ جاری کی گئی ہے۔  اس چھٹی عالمی یوم خوشحالی رپورٹ میں مائگریشن کو بڑا مدعا مانا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے، ‘ گلوبلائزیشن  کے بڑھنے کے ساتھ دنیا بھر میں لوگ ایک جگہ سے دوسری جگہ جا رہے ہیں اور اس میں سے زیادہ تر مہاجر خوش حال زندگی چاہتے ہیں۔’ رپورٹ کے مطابق ممالک کے درمیان خوشحالی میں بہت فرق  ہے اور اس سے مہاجروں پر بڑا دباؤ بنا رہے‌گا۔  ممالک کے درمیان سفر کرنے والوں میں کچھ کو فائدہ ہوگا جبکہ دیگر کو نقصان جھیلنا پڑے‌گا۔ہندوستان کی حالت کی بات کریں تو سارک (South Asian Association for Regional Cooperation) ممالک میں افغانستان کو چھوڑ دیا جائے توباقی سب ہندوستان سے آگے ہیں۔رپورٹ میں 156 ممالک کو شامل کیا گیا ہے۔  پاکستان، ہندوستان سے 58 پائیدان اوپر 75ویں مقام پر ہے۔  بھوٹان 97ویں اور چین 86ویں مقام پر ہے۔نیپال، بنگلہ دیش اور سری لنکا کو 101، 115 اور 116واں مقام ملا ہے۔  امریکہ اور برٹین 18ویں اور 19ویں مقام پر رہے۔

ہرسال کے ساتھ ہندوستان کی رینکنگ میں گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔ گزشتہ  سال ہندوستان 4 پائیدان نیچے گر کر 122ویں مقام پر پہنچا تھا۔  اس سے پہلے وہ 118 ویں پائیدان پر تھا۔  اس بار 11 پائیدان نیچے کھسکا ہے۔فن لینڈ دنیا کا سب سے خوشحال ملک ہے۔  ناروے، جو کہ گزشتہ سال اس رپورٹ میں خوشحالی کے معاملے میں پہلے پائیدان پر رہا تھا، وہ ایک پائیدان نیچے کھسک‌کر دوسرے پائیدان پر پہنچ گیا ہے۔  اس کے بعد ڈنمارک، آئس لینڈ اور سوٹزرلینڈ کا نمبر آتا ہے۔  وہیں امریکہ اس سال 4 مقام نیچے گر‌کر 18ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔

156 ممالک میں کئے گئے سروے میں برونڈی ملک کے لوگ اپنی زندگی سے سب سے زیادہ ناخوش ہیں۔  اس کے بعد مرکزی افریقی جمہوریت (155)، جنوبی سوڈان (154)،طنزانیہ (153) اور یمن (152) کا نمبر آتا ہے۔غور طلب ہے کہ ہندوستان کی یہ حالت تب ہے جب کئی ریاستی حکومتیں اپنے یہاں ہیپی نیس ڈپارٹمنٹ قائم کر رہی ہیں۔  مدھیہ پردیش اور آندھر پردیش کے بعد اب یہی پہل مہاراشٹر میں بھی کی جا رہی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)