خبریں

سی بی ایس ای کی دسویں اوربارہویں کے پرچے لیک ،دوبارہ ہوں گےامتحانات

گزشتہ دنوں بارہویں کے اکاؤنٹ اور بزنس اسٹڈیز کے امتحانات کے پیپر لیک ہونے کی بھی خبریں میڈ یا میں آئی تھیں لیکن سی بی ایس ای نے اسکی تردید کی تھی ۔

علامتی تصویر/ فوٹو : پی ٹی آئی

علامتی تصویر/ فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی: سی بی ایس ای نے دسویں اور بارہویں کے دوپرچے لیک ہونے کے مد نظر ان پرچوں کے امتحانات دوبارہ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔سی بی ایس ای کے کنٹرولر آف اگزامنیشن کی طرف سے آج یہاں جاری نوٹس کے مطابق بارہویں جماعت کےمعاشیات اور دسویں جماعت کےریاضی کے پیپر لیک ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے  دوبارہ امتحان کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ان امتحانات کےلئے نئی تاریخوں اور اس سے متعلق دیگرتفصیلات ایک ہفتہ کے اندر سی بی ایس ای کی ویب سائٹ پر جاری کردی جائیں گی۔

اس معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ایم ایچ آر ڈی منسٹر پرکاش جاویڈکر سے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے ،اور سخت کارروائی کر نے کے لیے کہا ہے۔

واضح ہوکہ گزشتہ دنوں بارہویں کے اکاؤنٹ اور بزنس اسٹڈیز کے امتحانات کے پیپر لیک ہونے کی بھی خبریں میدیا میں آئی تھیں لیکن سی بی ایس ای نے اسکی تردید کی تھی ۔حالاں کہ دہلی حکومت کے وزیر تعلیم منیش سسودیا نے اکاؤنٹ امتحان کا پیپر لیک ہونے کی اطلاع خود ٹوئٹ کرکے دی تھی اور اسکی جانچ کرانے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔

ایم ایچ آر ڈی منسٹر پرکاش جاویڈکر نے کہا ہے کہ پیپر کے کچھ حصے  وہاٹس ایپ پر لیک ہوئے  ۔ہم نے اس کی جانکاری پولیس کو دے دی ہے۔جانچ چل رہی ہے اور اس سلسلے میں سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نےیہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ جب پرچے تقسیم کیے جائیں تو اس وقت سیکورٹی کے سخت انتظامات ہوں۔یہ امتحان پورے ملک میں ہوتا ہے لیکن پرچہ لیک کی خبرصرف دہلی کے کچھ اسکولوں سے موصول ہوئی ہے۔دریں اثنامرکزی کابینہ نے اس بات کو منظوری دے دی ہے کہ آئندہ سال سے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی  لیک پروف کو یقینی بنائے گی ۔

(خبررساں ایجنسی اے این آئی اور یواین آئی اردوکے ان پٹ کے ساتھ۔)