خبریں

20 سال پرانے کالا ہرن شکار معاملے میں سلمان خان کو 5 سال کی سزا

فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں کی شوٹنگ کے دوران 2 اکتوبر1998کو ہوا تھا حادثہ۔سیف علی خان ،سونالی بیندرے،تبو اور نیلم بھی ملزم تھے ،جنہیں بری کر دیا گیا ہے۔

فوٹو:پی ٹی آئی

فوٹو:پی ٹی آئی

نئی دہلی :کالا ہرن شکار معاملے میں فلم ایکٹر سلمان خان کو راجستھان کی ایک کورٹ نے آج صبح قصور وار قرار دیا  ۔ اس معاملے میں تمام دوسرے ملزمین سیف علی خان ،نیلم ،تبو اور دشینت سنگھ کو بری کردیا گیا ہے۔واضح ہو کہ 28مارچ کو اس معاملے میں دیو کمار کھتری کی عدالت میں آخری  شنوائی ہوئی تھی اور فیصلہ محفوظ رکھا گیا تھا۔

دریں اثنا خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق کورٹ نے اس معاملے میں سلمان خان کو پانچ سال کی سزا کے ساتھ ان پر دس ہزار روپے کا جرمانہ لگایا ہے۔غور طلب ہے کہ فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں کی شوٹنگ کے دوران 2 اکتوبر1998کو یہ  حادثہ ہوا تھا۔سلمان پر وائلڈ لائف تحفظ قانون کی دفعہ 51 اور تعزیرات ہند کی دفعہ 149 کے تحت الزام طے کئے گئے تھے۔  دفعہ 51 میں زیادہ سے زیادہ 6 سال کی سزا کا اہتمام ہے۔سماعت کے دوران بھوانی سنگھ بھاٹی نے کہا کہ اس رات تمام ملزم جپسی کار میں سوار تھے۔  سلمان گاڑی چلا رہے تھے۔  ہرنوں کا جھنڈ دیکھنےپر انہوں نے گولی چلاکر دو ہرن مار دیے۔ انہوں نے آگے کہا کہ لوگوں کے دیکھنے پر تمام ملزمین  مردہ ہرنوں کو موقع پر چھوڑ‌کر بھاگ گئے تھے۔  جس کے کافی ثبوت موجود ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا سے ان پٹ کے ساتھ)