خبریں

بی جے پی دلت ایم پی کا الزام ، یوگی آدتیہ ناتھ مجھے ڈانٹ‌کر بھگا دیتے ہیں

ایس سی فرنٹ کے ریاستی صدر اوراترپردیش کے رابرٹس گنج سے رکن پارلیامان چھوٹےلال کھروار نے وزیر اعظم کو خط لکھ‌کر وزیراعلیٰ کے ساتھ ریاستی صدر مہیندرناتھ پانڈے اور سکریٹری سنیل بنسل کی بھی شکایت کی ہے۔

رابرٹس گنج سے بی جے پی رکن پارلیامان چھوٹےلال کھروار (فوٹو: نیشنل پورٹل آف انڈیا)

رابرٹس گنج سے بی جے پی رکن پارلیامان چھوٹےلال کھروار (فوٹو: نیشنل پورٹل آف انڈیا)

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رابرٹس گنج سے رکن پارلیامان چھوٹےلال کھروار نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ‌کر اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف شکایت کی ہے۔  خط میں کھروار نے کہا ہے کہ یوگی ان کو ڈانٹ‌کر بھگا دیتے ہیں۔این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق، وزیر اعظم مودی نے کھروار کی شکایت پر کارروائی کی یقین دلایا ہے۔  کھروار نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ انتظامیہ اور ضلع مجسٹریٹ ان کی بات نہیں سنتے اور ان کے ساتھ جانبداری کرتے ہیں۔  اپنے شکایتی خط میں انہوں نے وزیراعلیٰ یوگی، ریاستی صدر مہیندرناتھ پانڈے اور سکریٹری سنیل بنسل کا ذکر کیا ہے۔  اس کے علاوہ انہوں نے ایس سی ایس ٹی کمیشن میں بھی شکایت کی ہے۔

اپنے خط میں رکن پارلیامان نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ تین سال سے چندولی ضلع انتظامیہ اور محکمہ جنگل  میں ہو رہی  بد عنوانی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، جو ان کے پارلیامانی حلقہ سے لگا ہوا علاقہ ہے۔  جب یوگی وزیراعلیٰ بنے تو لگا تھا معاملہ حل ہوگا لیکن الٹے ان کی زمین کو ہی محکمہ جنگل کی زمین بتا دی گئی۔  کھروار نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ ان کے خلاف پارٹی کے علاقائی رہنما سازش کر رہے ہیں اور حزب مخالف جماعتوں کے ساتھ مل‌کر ان کے خلاف کام کر رہے ہیں۔آج تک کی خبر کے مطابق مودی کو لکھے خط میں بی جے پی رکن پارلیامان نے کہا ہے کہ ضلع کے اعلیٰ افسر ان کا استحصال کر رہے ہیں۔  اس معاملے میں بی جے پی رکن پارلیامان نے دو بار وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی، لیکن سی ایم نے ان کو ڈانٹ‌کر بھاگا دیا۔

آج تک سے بات چیت میں رکن پارلیامان نے کہا کہ پارٹی کے کچھ لوگ ان کے خلاف ٹکٹ کاٹنے کی سازش بھی کر سکتے ہیں۔  انہوں نے کہا، ‘ ہاں، میں پارٹی سے ناراض ہوں۔  وزیر اعظم کو لکھ‌کر دیا ہےکیونکہ میرے خلاف سازش کی گئی ہے۔ ایس پی ، بی ایس پی  کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے لوگوں نے مل‌کر میرے بھائی کو  بلاک چیف کے عہدے سے ہٹوایا ہے، ہمارے اوپر حملے ہوئے ہیں۔’ انہوں نے مزید  کہا، ‘ مخالفین نے میرے کان پر بندوق رکھی، لیکن پولیس والوں نے کوئی شنوائی نہیں کی، ہم تھانے دار سے لےکر ڈی جی پی تک سے مل چکے ہیں، ہماری بات کسی نے نہیں سنی۔  ‘

کھروار نے شکایت میں کہا ہے کہ ریاست میں جب اکھلیش کی حکومت تھی، اس وقت 2015 میں نوگڑھ جنگل علاقے میں غیر قانونی قبضے کی شکایت وزیراعلیٰ سمیت کئی لوگوں سے کی لیکن کارروائی کے بجائے افسروں نے میرے گھر کو ہی جنگل علاقے میں ڈال دیا۔  National Commission for Scheduled Castesکے حکم پر دوبارہ پیمائش میں سچ سامنے آیا کہ میرا گھر جنگل علاقے میں نہیں ہے۔کھروار نے کہا، ‘ میں پارٹی کیوں چھوڑوں‌گا؟  بی جے پی کسی کی بپوتی نہیں ہے، میری بھی پارٹی ہے۔  میں ایس  سی فرنٹ کا ریاستی صدر ہوں، میرے ساتھ ایسا سلوک ہو سکتا ہے تو کسی کے ساتھ بھی ایسا ہو سکتا ہے۔’

دلت سماج میں پارٹی کے متعلق عدم اطمینان پر رابرٹس گنج رکن پارلیامان نے کہا، ‘ مجھے لگتا ہے کہ دلتوں میں ریزرویشن کو لےکر عدم اطمینان بڑھا ہے۔  حال کے دنوں میں جس طرح  کا فیصلہ سپریم کورٹ سے آیا ہے، اس کے بعد سے دلتوں کے درمیان فکر بڑھ گئی ہے۔  مجھے وزیر اعظم اور پارٹی صدر پر پورا بھروسہ ہے، جلد ہی سب ٹھیک ہوگا۔  ‘