خبریں

آن لائن میڈیا کی نگرانی کے لئے قاعدے قانون بنائے‌گی حکومت

وزارت اطلاعات و نشریات نے   نیوز پورٹل  اور ویب سائٹس کوریگیولیٹ  کرنے کے لئے اصول بنانے کو لےکر دس رکنی کمیٹی بنائی ہے۔

وزیر اطلاعات و نشریات اسمرتی ایرانی۔  (فوٹو : پی ٹی آئی)

وزیر اطلاعات و نشریات اسمرتی ایرانی۔  (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی :’    فیک نیوز  ‘کو لےکر صحافیوں کی پہچان ختم کرنے والے متنازع آرڈر کو وزیر اعظم کی مداخلت پر واپس لینے کے بعد وزارت اطلاعات و نشریات نے نیوز پورٹل اور میڈیا ویب سائٹ کو ریگیولیٹ   کرنے کے لئے اصول بنانے کو لےکر ایک کمیٹی بنائی ہے۔

اس کمیٹی کا کام آن لائن میڈیا کے لئے قاعدے قانون اور معیار بنانے کا ہوگا۔  ا س کے دائرے میں آن لائن نیوز، ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ کے ساتھ ہی انٹرٹین مینٹ اور انفوٹین منٹ موادفراہم کرانے والی ویب سائٹس آئیں‌گی۔4 اپریل 2018 کو وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے جاری ایک آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ملک میں چلنے والے ٹی وی چینل اور اخباروں کے لئے قاعدے قانون بنے ہوئے ہیں اور وہ اگر ان قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو اس سے نپٹنے کے لئے  پریس کاؤنسل آف انڈیا جیسے ادارے بھی ہیں، لیکن آن لائن میڈیا کے لئے ایسا کوئی انتظام نہیں ہے۔  اس کو دھیان میں رکھتے ہوئے آن لائن میڈیا کے لئےریگولیٹری ڈھانچہ کیسے بنایا جائے اس کے لئے ایک کمیٹی بنائی جا رہی ہے۔

Order-of-IB-ministry-setting-up-committee-to-regulate-digital-media

وزارت کے ذریعے تشکیل شدہ یہ کمیٹی 10 رکنی ہے۔  اس میں اطلاع و نشریات، قانون، امور داخلہ، وزارت آئی ٹی اور ڈپارٹمنٹ آف انڈسٹریل پالیسی اور پرموشن کے سکریٹریز کو شامل کیا گیا ہے۔  اس کے علاوہ MyGov کے چیف ایگزیکٹواور پریس کاؤنسل آف انڈیا، نیوز براڈکاسٹرس ایسوسی ایشن اور انڈین براڈکاسٹرس ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو بھی ممبر بنایا گیا ہے۔  اس کمیٹی سے آن لائن میڈیا، نیوز پورٹل اور آن لائن کنٹینٹ پلیٹ فارم کے لئے ‘ مناسب پالیسیوں ‘ کی سفارش کرنے کو کہا ہے۔  ایسا کرنے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی)، ٹی وی چینلوں کے پروگرام اور اشتہار سمیت پی سی آئی کے اصولوں کو بھی دھیان میں رکھا جائے‌گا۔

غور طلب ہے کہ آن لائن میڈیا پر نگرانی رکھنے کے لئے قاعدے قانون بنانے کی خاطر اس کمیٹی کی تشکیل ایسے وقت پر کی گئی ہے جب    فیک نیوز  کو لےکر وزارت اطلاعات و نشریات کے حکم پر بڑا تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا۔  دراصل وزارت نے ‘    فیک نیوز  ‘ کو روکنے کے لئے دو اپریل کو اصولوں کا اعلان کیا تھا۔  اس کے تحت ‘    فیک نیوز  ‘ شائع یا نشر کرنے والے صحافیوں کی پہچان معطل کرنے یا مستقل طور سے ختم کرنے کی بات کہی گئی تھی۔حالانکہ، وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر وزارت نے یہ ہدایت واپس لے لی۔  میڈیا تنظیموں اور حزب مخالف پارٹیوں نے ان اصولوں کی تنقید کرتے ہوئے اس کو آزاد پریس کی آواز دبانے والا بتایا تھا۔