خبریں

ایس سی ایس ٹی کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جا رہا ہے:بی جے پی دلت ایم پی

اٹاوا سے بی جے پی رکن پارلیامان اشوک دوہرے نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر الزام لگایا ہے کہ دو اپریل کو ہوئے بھارت بند کے بعد ایس سی ایس ٹی کے لوگوں پر ظلم وزیادتی ہو رہی ہے۔

اٹاوا سے بی جے پی رکن پارلیامان اشوک دوہرے (فوٹو:( india.gov.in

اٹاوا سے بی جے پی رکن پارلیامان اشوک دوہرے (فوٹو:( india.gov.in

نئی دہلی: بھارتی جنتا پارٹی کے ایک اور دلت رکن پارلیامان نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ‌کر ایس سی ایس ٹی کے لوگوں پر ہو رہے مظالم پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، پانچ اپریل کو لکھے گئے خط میں اٹاوا سے رکن پارلیامان اشوک دوہرے نے الزام لگایا ہے کہ دو اپریل کو ہوئے بھارت  بند کے بعدایس سی ایس ٹی کے لوگوں کو مقامی پولیس جھوٹے مقدمے میں پھنسا رہی ہے اور ان پر ظلم ہو رہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس بےقصور لوگوں کوان کی ذات برادری کے نام سے مخاطب کرتے ہوئے گھروں سے نکال‌کر ان کے ساتھ مارپیٹ کر رہی ہے۔  اس سے ان طبقوں میں غصہ اور عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے۔

خط میں رکن پارلیامان نے الزام لگایا ہے کہ اتر پردیش کے علاوہ دوسری ریاستوں میں بھی ایس سی ایس ٹی طبقے کے لوگوں کو جھوٹے مقدموں میں پھنسایا جا رہا ہے۔واضح ہو  کہ اس سے پہلے اتر پردیش کے رابرٹس گنج سے بی جے پی کے ہی ایک دوسرے رکن پارلیامان چھوٹےلال کھروار نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ‌کر اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف شکایت کی تھی۔خط میں رکن پارلیامان کھروار نے الزام لگایا ہے کہ وہ دو بار وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملنے گئے تھے لیکن انہوں نے ان کو ڈانٹ‌کر بھگا دیا تھا۔

کھروار نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ ضلع مجسٹریٹ ان کی بات نہیں سنتے اور ان کے ساتھ جانبداری سے کام لیتے  ہیں۔  اپنے شکایتی خط میں انہوں نے وزیراعلیٰ یوگی، ریاستی صدر مہیندرناتھ پانڈے اور سکریٹری سنیل بنسل کا ذکر کیا ہے۔  اس کے علاوہ انہوں نے ایس سی ایس ٹی کمیشن میں بھی شکایت کی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے خط میں بی جے پی رکن پارلیامان نے کہا ہے کہ ضلع‎ کے اعلیٰ افسر، ان کا استحصال  کر رہے ہیں۔

ایم پی چھوٹےلال کھروار نے کہا تھا کہ وہ گزشتہ تین سال سے چندولی ضلع انتظامیہ اور جنگل محکمے میں ہو رہی بد عنوانی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، جو ان کے پارلیامانی حلقہ سے لگا ہوا علاقہ ہے۔انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ جب وزیراعلیٰ بنے تو لگا تھا مسئلہ حل ہوگا لیکن الٹا ان کی زمین کو ہی جنگل محکمے کی زمین بتا دی گئی۔  کھروار نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ ان کے خلاف پارٹی کے علاقائی رہنما سازش کر رہے ہیں اور حزب مخالف جماعتوں کے ساتھ مل‌کر ان کے خلاف کام کر رہے ہیں۔