خبریں

راجستھان اسمبلی انتخابات میں آ ئی ٹی سیل کا رول اہم ہوگا:بی جے پی آ ئی ٹی سیل چیف

بی جے پی آ ئی ٹی سیل چیف امت مالویہ نے سیل کے ملازموں سے کہا کہ سوشل میڈیا کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے اور حقائق کے پیش نظر حکومت کی شبیہ بنانے کی کوشش کی جائے۔

علامتی فوٹو: پی ٹی آئی

علامتی فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:بھارتیہ جنتا پارٹی کےآئی ٹی سیل چیف امت مالویہ نے کہا ہے کہ آئندہ اسمبلی الیکشن میں ا  ٓ ئی ٹی سیل کا رول بہت اہم ہوگا۔جے پور میں مالویہ نے بی جے پی آ ئی ٹی سیل کی ریاستی سطح کے یک روزہ ورک شاپ کو خطاب کر تے ہوئے کہا کہ شعبہ کے ہر ایک کارکن کو بڑی سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا۔اور پارٹی کی پالیسی کے علاوہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کی حصولیابیوں کو ہر آدمی تک پہنچانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آ ئی ٹی سیل کے کارکن سپاہی کی طرح کام کریں اور پارٹی کی ایک گڑھ کے طور پر حفاظت کا ذمہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ آج 65فیصدآبادی نوجوانوں کی ہے اور ان میں سوشل میڈیا بہت مقبول ہے ۔اس کو دھیان میں رکھتے ہوئے سوشل میڈیا کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔حقائق کے پیش نظر حکومت کی شبیہ بنانے کی کوشش ہو۔انہوں نے آئندہ چھ مہینے کے وقت کو آ ئی ٹی سیل کے کارکنوں کے لیے امتحان کی گھڑی بتاتے ہوئے کہا کہ اس امتحان میں کامیابی حاصل کرنا بہت حد تک پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرے گا۔

دریں اثناانگریزی روزنامہ ڈی این اے کے مطابق اسٹیٹ بی جے پی آئی ٹی سیل کنوینر اویناش جوشی نے کہا کہ مقامی سطح پر بھی جلد ہی ورک شاپ کا پلان بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے فلاحی اسکیم کو لوگوں کے درمیان گرافکس اور شارٹ فلم کے ذریعے سوشل میڈیا پر مشتہر کیا جائے گا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)