خبریں

سابق مرکزی وزیر چنمیانند کے خلاف ریپ کیس ختم کرے گی یوگی حکومت

مبینہ طور پرریپ کی شکارعورت نے صدر جمہوریہ کو بھیجے ایک خط میں حکومت کے اس قدم پر اعتراض  کرتے ہوئے چنمیانند کے خلاف وارنٹ جاری کرنے کی مانگ کی ہے۔

فوٹو:فیس بک

فوٹو:فیس بک

نئی دہلی: اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے بی جے پی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر مملکت سوامی چنمیانند سرسوتی کے خلاف چل رہے ریپ کے مقدمے کو واپس لیے جانے کےآرڈرسے متعلق ایک خط شاہجہاں پور ضلع انتظامیہ کو بھیجا ہے۔وہیں دوسری طرف مبینہ ریپ طور پر ریپ کی شکارعورت نے صدر کو بھیجے ایک خط میں حکومت کے اس قدم پر اعتراض درج کراتے ہوئے چنمیانند کے خلاف وارنٹ جاری کرنے کی مانگ کی ہے۔ایڈیشنل ضلع کلکٹر (انتظامیہ)سرویش دکشت نے منگل کو بتایا کہ ریاستی حکومت کے ہوم ڈپارٹمنٹ نے شاہجہاں پور کوتوالی میں سوامی چنمیانند پر دفعہ 376(ریپ)اور 506(دھمکی دینے)کے تحت درج مقدمہ واپس لیے جانے کا آرڈر ضلع انتظامیہ کو جاری کیا ہے۔

اس بارے میں استغاثہ آفیسر ونود کمار سنگھ کی طرف سے مقدمہ واپس لیے جانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھیجے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ حکومت نے گزشتہ 6 مارچ کو بھیجے گئے ایک خط میں چنمیانند کے خلاف درج مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ ہے۔وہیں دوسری طرف چنمیانند پر ریپ کا مقدمہ درج کرانے والی عورت نے صدر جمہوریہ، چیف جسٹس اور ضلع جج کو خط بھیج کر ریاستی حکومت کے اس قدم پر اعتراض کیا ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ اس کے بجائے سابق وزیر مملکت کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا جانا چاہیے۔

عورت نے کہا ‘یہی بی جے پی ‘بیٹیوں کے سمان میں ، بھاجپا میدان میں ‘کا نعرہ دے رہی تھی اور اب وہی پارٹی میرا مقدمہ ختم کرا رہی ہے ، یہ بہت ہی دکھ کی بات ہے ۔حکومت کو کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے تھا۔ میں نے اس سے متعلق عرضی دے دی ہے کہ ملزم کے خلاف وارنٹ جاری کر کے اس کو جلد سے جلد جیل بھیجا جائے’۔غور طلب ہے کہ جون پور سے ایم پی رہے سوامی چنمیانند اس وقت کی اٹل بہاری واجپئی حکومت میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلی امور تھے۔اس وقت ان کے رابطہ میں آئی یہ عورت ان کے ایک اسکول میں پرنسپل تھیں۔انھوں نے 30 نومبر 2011 کو چنمیانند کے خلاف شہر کوتوالی میں ریپ کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

گرفتاری سے بچنے کے لیے سوامی نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ کورٹ نے ان کی گرفتاری پر اسٹےلگا دیا تھا،تب سےکیس مسلسل التوا میں ہے۔جن ستا کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ گزشتہ 25 فروری کو شاہجہاں پور گئے تھے ۔وہاں انھوں نے سوامی چنمیانند کے آشرم میں منعقد مموکش یووا مہوتسو میں حصہ لیا تھا۔اس کے علاوہ تین مارچ کو سوامی چنمیانند کی یوم پیدائش پر بھی کئی اہم لوگ مبارک باد دینے ان کے آشرم گئے تھے۔ان میں کئی سینئر افسر بھی شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق اس دوران سوامی کے حامیوں نے ان کی آرتی بھی اتاری تھی۔ پروگرام کا ویڈیو بھی وائرل ہوا تھا جس میں شاہجہاں پور کے سی ڈی او اور اے ڈی ایم جتیندر شرما بھی سوامی کی آرتی اتارتے دیکھے جا سکتے ہیں۔اس کے 6 دن بعد شرما کے ہی دستخط سے جاری خط میں مقدمہ واپس لینے کا عمل شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)