خبریں

اناؤ ریپ کیس :ملزم ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر گرفتار

ملزم ایم ایل اے کو سی بی آئی نے لکھنؤ واقع ان کی رہائش گاہ  سے گرفتار کیا ۔گرفتاری کے بعد انہیں سی بی آئی دفتر میں لے جاکر پوچھ تاچھ کی گئی۔

فوٹو:پی ٹی آئی

فوٹو:پی ٹی آئی

نئی دہلی :اناؤ گینگ ریپ معاملے میں ملزم بی جے پی ایم ایل اے کلدیپ سینگر کو سی بی آئی نے حراست میں لے لیا ہے ۔لائیو ہندوستان کے مطابق ،ملزم ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر کو سی بی آئی نے جمعہ کو لکھنؤ کے اندرا نگر واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا۔گرفتاری کے بعد ایم ایل اے کو حضرت گنج واقع سی بی آئی دفتر لے جایا گیا ۔جہاں ان سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔سی بی آئی ٹیم نے ایس آئی ٹی کو بھی طلب کیا ہے ۔جو انہیں اس معاملے میں جڑے اب تک کے دستاویز دے گی۔دینک جاگرن کی رپورٹ کے مطابق ،سی بی آئی کی دہلی ٹیم نے لکھنؤ سیل کو ایکٹو کیا اور لکھنؤ سی بی آئی کی ٹیم سی بلاک اندرا نگر میں 4بجکر 11منٹ کلدیپ سنگھ سینگر کے گھر پہنچی۔

وہاں سے انہیں حراست میں لے کر 4بج کر 28منٹ پر ٹیم سی بی آئی دفتر پہنچی ۔سات لوگوں کی ٹیم صبح 4 بجکر 45منٹ سے لگاتا ر کلدیپ سنگھ سینگر سے پوچھ تاچھ کرتی رہی ،جو اگلے چار گھنٹے تک چلی ۔اس دوران ٹیم نے سینگر کے موبائل ڈیٹیل دستیاب کرانے کو بھی کہا۔کلدیپ سنگھ سینگراناؤکے بانگرمؤسے بی جے پی کے ایم ایل اے ہیں۔غورطلب ہے کہ کہ مرکزی حکومت نے یوپی حکومت کی سفارش کو منظور کرتے ہوئے جمعرات کو معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا حکم دیاتھا۔وہیں اس سے پہلے ہائی کورٹ کی پھٹکار کے بعد پولیس نے ملزم ایم ایل اے کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب متاثرہ لڑکی نے اتوار کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی رہائش گاہ کے سامنے خود سوزی کی کوشش کی تھی ۔اس درمیان متاثرہ کے والد کی پولیس حراست میں موت ہوگئی تھی۔جس کے بعد معاملے کی جانچ کے لیے اسپیشل جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی )بنائی گئی تھی۔ادھر ملزم ایم ایل اے کے بھائی اتل سنگھ سینگر کو منگل کی صبح اناؤمیں گرفتار کر لیا گیا تھا ۔اتل پر بھی مبینہ طور پر لڑکی کے والد کے ساتھ مارپیٹ کا الزام ہے۔