خبریں

سورت:11سال کی بچی کا ریپ کے بعد قتل،جسم پر ملے 86 زخموں کے نشان

کٹھوا گینگ ریپ معاملے کے بعد اب گجرات کے سورت میں ایک 11 سالہ لڑکی کے ریپ اور قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔

Credit: Rory Moynihan/Flickr/CC BY 2.0

Credit: Rory Moynihan/Flickr/CC BY 2.0

نئی دہلی : معصوم بچیوں  پر ہو رہے حملے اور ریپ کے معاملے تھمنے کا نام  نہیں لے رہے۔ کٹھوا گینگ ریپ کے بعداب گجرات کے سورت میں ایک 11 سالہ لڑکی کے ریپ اور قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے اور اب تک پولیس نہ تومتاثرہ   کی پہچان کر پائی ہیں اور نہ ہی ملزموں کی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق متاثرہ کے جسم پر 80سے  زیادہ زخموں کے نشان ملے ہیں اور اس کی اندام نہانی  کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔واضح ہو کہ سورت میں بچی کی لاش 6 اپریل کو کرکٹ میدان کے پاس جھاڑیوں میں ملی تھی۔جانکاری کے مطابق کچھ راہ گیروں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی تھی۔

 پانڈیسرا تھانے کے انسپکٹر کے بی جھالا نے کہا کہ آٹوپسی رپورٹ کے مطابق متاثرہ لڑکی کی لاش پر 86 زخموں کے نشان ملے ہیں۔اندام نہانی پر بھی نشان ملے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے اسے اذیت دی گئی اور ریپ کیا گیا پھر اس کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا۔اس معاملے کی جانکاری آج سورت کے پولیس کمشنر ستیش شرما نے پریس کانفرنس کے ذریعے دی۔این ڈی ٹی وی کے مطابق انھوں نے بتایا کہ نا معلوم لوگوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 302،323،اور 376 اور  Protection of Children from Sexual Offencesایکٹ کے اہتماموں کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

شہر کے سول ہسپتال کے ڈاکٹر گنیش گوویکر نے کہا کہ چوٹ کے نشانوں کو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ چوٹیں ایک ہفتے پہلے سے لے کر لاش برآمد ہونے سے ایک دن پہلے تک دی گئی ہوں گی ۔ایسا لگتا ہے کہ شاید لڑکی کو اغوا کرکے اسے اذیت دی گئی  اور شاید اس کے ساتھ ریپ بھی کیا گیا۔پولیس کمشنر نے  کہا کہ جانچ شہر پولیس کے کرائم برانچ کو سونپ دی گئی ہے اور بچی کی شناخت کے لیے پوری کوشش کی جا رہی ہے۔پولیس نے شک ظاہر کرتے ہوئے کہا  ہےکہ ممکن ہے کہ لڑکی سورت کی نہ ہو۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس کو حل کرنے کے لیے لڑکی کی پہچان ضروری ہے۔اس سلسلے میں ہم اڑیسہ اور مغربی بنگال پر بھی دھیان دے رہے ہیں کیوں کہ یہ لڑکی انہی دو صوبوں کی لگتی ہے۔اس کے لیے ہم 8000گمشدہ بچوں کے ڈیٹا کو بھی اسکین کر رہے ہیں۔ ہم نے پہچان کے لیے ڈی  این اے سیمپل حاصل کرلیا ہے اور جلد ہی فورنسک رپورٹ بھی حاصل کر لیں گے۔پولیس نے لڑکی کے بارے میں جانکاری دینے والے کو 20 ہزار روپے کا انعام دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئیکے ان پٹ کے ساتھ)