خبریں

جھارکھنڈ : دعوت میں بیف کی افواہ کے بعد گاؤں میں کشیدگی 

کوڈرما ضلع کے ناواڈیہہ گاؤں میں بھیڑ نے کئی گھروں میں توڑپھوڑ کے ساتھ  گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ گاؤں میں دفعہ 144 نافذ کی گئی۔

Screen-Shot-2018-04-18-at-6.25.55-PM

نئی دہلی :جھارکھنڈ کے کوڈرما ضلع کے ڈوم چانچ تھانا علاقہ کے ناواڈیہہ گاؤں میں منگل صبح ایک کھیت میں مویشی کے کھر اور سینگ ملنے کے واقعہ کے بعد دو کمیونٹی کے درمیان کشیدگی پھیل گئی۔دراصل یہ کھر اور سینگ گاؤں کے باشندہ جمن میاں کے لہسن کے کھیت میں ملے تھے اور ایک دن پہلے یعنی گزشتہ سوموار کی رات جمن میاں کے گھر ان کے بیٹے کی شادی کا ولیمہ  تھا۔اس بنیاد پر گاؤں کے کچھ لوگوں کو شک ہوا کہ دعوت میں گائے کا گوشت کھلایا گیا تھا۔ اس کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں علاقے کے لوگ اس بات کی جانکاری لینے کے لئے جمن میاں کے گھر دھمک پڑے۔ اس بات کو لےکر دونوں کمیونٹی کے لوگوں کی جھڑپ ہو گئی۔

دینک بھاسکر کی ایک رپورٹ کے مطابق، مشتعل بھیڑ نے جمن میاں سمیت علاقے کے تقریباً ایک درجن لوگوں کے گھروں پر حملہ بول دیا اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔پربھات خبر کی رپورٹ کے مطابق، تقریباً 30 گھروں میں توڑپھوڑ کرنے کے ساتھ ہی ایک مذہبی مقام میں گھس‌کر توڑپھوڑ کی گئی اور مذہبی کتابوں کو جلا دیا گیا۔ اس کے علاوہ قریب 17 موٹرسائیکل، ایک بولیرو، ایک سوفٹ کار اور دو ٹیمپو کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق، موقع پر پہنچی پولیس نے لاٹھی چارج کرکے بھیڑ کو وہاں سے ہٹا دیا۔ پتھراؤ اور لاٹھی چارج میں دو سے تین لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ایک آٹھ سال کے بچےسمیت گاؤں کے جمن میاں اور اسرائیل میاں زخمی ہوئے۔دینک بھاسکر کی رپورٹ کے مطابق، دن میں قریب 11:30 بجے تین لوگوں کی گرفتاری کی خبر کے بعد لوگ ایک بار پھر مشتعل ہو اٹھے اور دوسرے محلے جا کر خاص کمیونٹی کے لوگوں پر پھر سے حملہ کر دیا۔

 گاؤں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور پولیس دستہ تعینات کر دیا گیا ۔دینک بھاسکر سے بات چیت میں جمن میاں کے بھائی محفوظ میاں نے بتایا کہ واقعہ کے بعد سے پوری فیملی دہشت میں ہے۔ ہم لوگ گاؤں میں نہیں رہنا چاہتے ہیں۔ شادی کی پارٹی کے لئے قریب ڈیڑھ کوئنٹل مرغا آیا تھا۔ بیف پروسے جانے کی بات افواہ ہے۔

پربھات خبر سے بات چیت میں کوڈرما کی ایس پی شوانی تیواری نے کہا ہے، ‘ ناواڈیہہ میں حالت اب پوری طرح قابو میں ہے۔ توڑپھوڑ اور دنگا فساد مچانے والوں کو کسی بھی حال میں بخشا نہیں جائے‌گا۔ سبھی کو نشان زد کیا جا رہا ہے۔ پولیس قانون کے مطابق کام کرے‌گی۔ لوگ صبروتحمل رکھیں اور کسی بھی افواہ پر دھیان نہ دیں۔ ‘واضح  ہو کہ دو دن پہلے بھی جئے نگر کے پاس سانتھ گاؤں میں اسی طرح جانور کے قتل کا معاملہ سامنے آنے کے بعد گاؤں کا ماحول کشیدہ ہو گیا تھا۔