خبریں

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کانگریس کا گھناؤناچہرہ سامنے آیا:یوگی آدتیہ ناتھ

جج لویا معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو  تاریخی قراردیتےہوئے بی جے پی نے کہا  کانگریس کا گھناؤناچہرہ سامنے آیا۔

Sohrabuddin-Sheikh-Encounter-Amit-Shah-Brijgopal-Loya-PTI-Caravan-2

نئی دہلی :جج لویا معاملےمیں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سیاسی بیان بازی شروع ہوگئی ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اس معاملے میں  کانگریس کو نشانہ بنا رہی ہے۔بی جے پی ترجمان سنبت پاترا نے آج پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان کی سیاست میں عدلیہ کو سڑک پر لانے کا کام کانگریس نے کیا ہے۔کانگریس صدر راہل گاندھی کو اس مدعے پر معافی مانگنی چاہیے۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئےٹوئٹ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں ایک اہم میسیج بھی ہے کہ سیاسی رقابت میں الزام لگا کر عدلیہ کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔یہ بدقسمتی ہی ہے کہ جھوٹے الزاموں کی بنیاد پر بھاجپا کے قد آور لیڈروں کو بدنام کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے ۔

انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ آج ملک کی سب سے بڑی عدالت نے جسٹس لویا کی موت کو لے کر دائر کی گئی پی آئی ایل کو نہ صرف پوری طرح سے خارج کیا ہے بلکہ پی آئی ایل کی منشا پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ساتھ ہی سیاسی لڑائی میں عدلیہ کے غلط استعمال کرنے پر بھی آگاہ کیا ہے۔

وہیں دوسری طرف  اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیا،انھوں نے ٹوئٹ کر کہا کہ راہل نہیں چاہتے ہیں کہ گاندھی فیملی کے علاوہ کوئی اور ملک چلائے۔ یو پی سی ایم یوگی نے ٹوئٹ کیا ؛جسٹس لویا کے معاملے میں سوٹ  خارج ہو گئی ہے  ۔ظاہر ہے کہ کانگریس کا مکروہ چہرہ سامنے آیا ہے۔

واضح ہو کہ آج سپریم کورٹ نے اسپیشل سی بی  آئی جج برج گوپال ہر کشن لویا کی موت کی آزادانہ طور پر جانچ کرانے کی مانگ کرنے والی عرضیاں خارج کر دی ہیں۔چیف جسٹس دیپک مشرا کی قیادت والی تین ممبروں کی بنچ نے کہا کہ بی ایچ لویا کی موت قدرتی وجوہات سے ہوئی تھی۔ اس بنچ کے دو دوسرے جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ تھے۔ عدالت میں جسٹس چندرچوڑ نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔سپریم کورٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس معاملے میں درخواست دینے والوں نے عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔

آج تک کے مطابق ؛سنبت پاتر انے کہا کہ راہل گاندھی کو نہ صرف معافی مانگنی چاہیے بلکہ ان کا سر شرم سے جھک جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آج تاریخی فیصلہ سنایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس عرضی کے پیچھے کانگریس کا غائبانہ ہاتھ تھا۔انہوں نے کہا کہ کورٹ نے صاف طور پر کہا ہے کہ عرضیوں کے پیچھے سیاسی منشا ہے۔انہوں نے کہا کہ 12جنوری کو کانگریس پارٹی صدر راہل گاندھی نے اس معاملے کو لے کر پریس کانفرنس کی تھی۔اس کے بعد کپل سبل، رندیپ سرجے والا نے بھی اس کو لےکر اپنی باتیں رکھی تھیں۔

سنبت پاترا نے کہا کہ جس طر ح سے بی جے پی صدر امت شاہ کو بدنام کر نے کی سازش رچی گئی ،اس پر کانگریس کو معافی مانگنی چاہیے ۔قابل ذکر ہے کہ اس فیصلے کے بعد بی جے پی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے کئی ٹوئٹ کیے  ہیں۔بی جے پی نے اپنے ایک اورٹوئٹ میں سنبت پاترا کے حوالےسے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے تبصرے سے صاف ہوگیا ہے کہ کس طرح کانگریس پارٹی اور راہل گاندھی نے کورٹ کے ذریعے سے سیاست کرنے کی کوشش کی ہے۔اس سے پہلے پریس کانفرنس میں پاترا نے کہا ہے کہ؛جس کانگریس نے ملک میں ایمرجنسی لگائی ،وہ غلط الزام لگا کر وزیر اعظم نریندر مودی اور امت شاہ کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔