خبریں

مکہ مسجد معاملے سے بری ہوئے اسیمانند بی جے پی کا الیکشن کیمپین کریں گے

بی جے پی کے اندرونی ذرائع کا ماننا ہے کہ اسیمانند کے ساتھ آکر کام کرنے سے ریاست میں پارٹی کےہندو توا نظریات کو طاقت ملے‌گی۔

فوٹو : پی ٹی آئی

فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی :  بھارتیہ جنتا پارٹی حال ہی میں مکہ مسجد بلاسٹ معاملے میں بری ہوئے سوامی اسیمانند سے پنجایت الیکشن کے دوران کیمپین کروانے اور ریاست میں اپنی بنیاد مضبوط کرنے کے لیے ان کو ساتھ لانے کی تیاری کر رہی ہے۔سوامی اسیمانند بنیادی طور پر مغربی  بنگال کے ہگلی ضلع سے آتے ہیں ،جہاں ان کی فیملی ابھی بھی رہتی ہے۔سوموار کو ایک اسپیشل  این آئی اے عدالت نے حیدر آباد میں مکہ مسجد بلاسٹ معاملے میں اسیمانند سمیت تمام 5 ملزمین کو بری کر دیا۔ 18 مئی 2007 کو ہوئے دھماکے میں 9لوگوں کی موت اور 58 لوگ زخمی ہوئے تھے۔

خود ساختہ سنت اور سابق آر ایس ایس کارکن اسیمانند کو 2010 میں سی بی آئی نے دھماکے کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔ بعد میں یہ معاملہ این آئی اے کو سونپ دیا گیا۔ انڈین ایکسپریس  کی خبر کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی خانہ پری  کے بعد اسیمانند جلدہی بنگال جائیں‌گے۔ ریاست کی بی جے پی اکائی چاہتی ہے کہ وہ الیکشن کی تشہیر کے دوران بنگال کے مختلف دیہی علاقوں کا دورہ کریں اور پارٹی کے نظریات کو پھیلائیں۔ بی جے پی ان کے سفر کی اسکیم پہلے ہی بنا چکی ہے۔

بی جے پی کے اندرونی ذرائع کا ماننا ہے کہ اسیمانند کے ساتھ آکر کام کرنے سے ریاست میں پارٹی کےہندو توا نظریات کو طاقت ملے‌گی۔ 2019 کے لوک سبھا الیکشن کے حساب سے بی جے پی ریاست میں اہم حزب مخالف بن‌کر ابھر رہی ہے۔انڈین ایکسپریس سے اپنی بات چیت میں بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا، ‘ میں ان کو کافی عرصے  سے جانتا ہوں۔ میں نے ان کو بتایا ہے کہ بنگال میں حالت خراب ہے اور ہمیں یہاں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس پر وہ متفق ہیں۔ اب جب وہ بری ہو گئے ہیں تو اب ریاست میں ہمارے ساتھ کام کریں‌گے۔ وہ پنچایت الیکشن کے  دوران تشہیر بھی کریں‌گے۔ ہم نے ابھی تک اس کا خاکہ تیار نہیں کیا ہے۔

ان کی تعریف کرتے ہوئے گھوش نے کہا، ‘ ان کے پاس بہترین تنظیمی طاقت ہے اور انہوں نے کئی سالوں تک لوگوں کے درمیان کام کیا ہے۔ پنچایت الیکشن کے بعد ہم چاہتے ہیں کہ وہ بنگال کے قبائلی علاقوں میں پارٹی کی بنیاد مضبوط کریں۔ آدیواسی پہلے سے ہمارے ساتھ ہیں اور ان کی تنظیمی طاقت سے پارٹی کو زیادہ فائدہ ہوگا۔ کچھ مہینے پہلے جب وہ ہگلی آئے تھے، تو میں نے بنگال کی حالت کے بارے میں ان کے ساتھ ایک بات کی تھی۔ وہ ہمارے ساتھ آنے کو تیار ہیں۔ ‘ واضح  ہو کہ اسیمانند کے چھوٹے بھائی سشانت سرکار اس وقت بی جے پی کی ہگلی اکائی کے سکریٹری ہیں۔ حکومت نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا، ‘ ہماری پوری فیملی سنگھ پریوار کو وقف ہے۔ اگر میرے بھائی بنگال آتے ہیں اور یہاں کام کرنا چاہتے ہیں تو ہم  بہت خوش  ہو ں گے ۔ ‘

مغربی بنگال میں ہگلی ضلع کے کامارپکار میں نبھ کمار سرکار  کے طور پر پیداہوئے اسیمانند نے 1971 میں سائنس موضوع میں گریجوئیشن  کی پڑھائی پوری کی تھی۔ اسیمانند نے 1977 میں بیربھوم، بانکرا اور پرولیا میں آدیواسیوں کے لئے کام کرنا شروع کیا۔ اس کے بعد انہوں نے انڈمان اور نکوبار جزیروں سمیت ہندوستان کے مختلف حصوں میں بھی کام کیا تھا۔بنگال پنچایت الیکشن  کے بعد بی جے پی پرولیا، بانکرا اور مغربی مدناپور سمیت بنگال کے قبائلی اکثریتی ضلعوں میں ان کی تنظیمی طاقت کا استعمال کرنے کی اسکیم بنا رہی ہے۔ آر ایس ایس حمایت یافتہ ‘ونواسی کلیان آشرم’ کے لئے کام کرنے والے اسیمانند نے بنگال کے آدیواسیوں کے درمیان کافی وقت گزارا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)