خبریں

مدھیہ پردیش : پولیس بھرتی کےدوران امیدواروں کے سینے پر  لکھا ایس سی، ایس ٹی

 دھار ضلع ہسپتال میں میڈیکل  ٹیسٹ کے دوران ہوا واقعہ۔  پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ایسا کرنے کے لئے کوئی ہدایات نہیں دی گئی ۔ بھرتی کے عمل میں آسانی کے لئے ایسا کیا گیا ہوگا۔

Screen-Shot-NaiDunia

نئی دہلی:مدھیہ پردیش  پولیس میں کانسٹیبل  کے عہدے پر بھرتیاں ہو رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں  دھار کے ضلع ہسپتال سے ایک عجیب واقعہ سامنے آیا ہے۔ انتخاب کے لئے کئے جا رہے ہیلتھ چیک اپ  میں امیدواروں کی شناخت کے لئے ان کے سینے پر ان کا طبقہ  لکھ دیا گیا۔ ایسی تصویریں سامنے آ رہی ہیں جہاں امیدواروں کے سینے پر ایس سی ایس ٹی لکھا گیا ہے۔نئی دنیا کی رپورٹ کے مطابق، ضلع ہسپتال میں کانسٹیبل  کے انتخاب کے لئے گزشتہ  بدھ سے امیدواروں کی میڈیکل جانچ شروع ہوئی تھی۔ اس کے تحت تمام امیدواروں کے سینے پر ان کی ذات کا ذکر کیا جا رہا ہے۔

ایسا اس لئے کیا جا رہا ہے تاکہ ریزرو طبقے کے امیدواروں کی اونچائی ناپنے میں کسی قسم کی غفلت پیدا نہ ہو۔اس احتیاط  کی وجہ مانی جا رہی ہے کہ کچھ ماہ پہلے خاتون کانسٹیبل  بھرتی امتحان ہوا تھا جس میں اونچائی میں گڑبڑی ہونے کی بات سامنے آئی تھی۔ جس کو دھیان میں رکھ‌کر اس بار احتیاط برتی جا رہی ہے۔غور طلب ہے کہ مدھیہ پردیش میں کانسٹیبل  کی بھرتی میں جنرل  اور او بی سی  کے لئے 168 سینٹی میٹر اونچائی طے ہے جبکہ ایس سی ایس ٹی طبقے کے لئے 165 سینٹی میٹر اونچائی طے کی گئی ہے۔

وہیں،  پولیس سپرنٹنڈنٹ بیریندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ایسا کچھ کرنے کے لئے  پولیس کی طرف سے کوئی ہدایت نہیں دی گئی ۔ بھرتی کے عمل میں آسانی ہو اس لئے ایسا کیا گیا ہوگا۔ اس کے پیچھے کوئی غلط جذبہ نہیں ہے۔خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے بات چیت  میں بیریندر سنگھ نے امیدواروں کے سینے پر ایس سی ایس ٹی لکھے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، ‘نئے کانسٹیبلوں کی صحت جانچ چل رہی ہے، پچھلی بار کسی طرح کی چوک ہو گئی تھی، اس کی وجہ سے ہسپتال کے انتظامیہ  نے ایسا کیا ہوگا۔ اس کے باوجود ایسا کیوں کیا گیا، اس کی جانچ‌کےحکم دے دئے گئے ہیں۔ ‘

پورے معاملے پر ہسپتال کے سول سرجن ایس کھرے کا کہنا ہے کہ میں نے بھی میڈیکل بورڈ کی کارروائی کے مشاہدہ کے دوران ایسا دیکھا۔ اس کی تفتیش کرائی جائے‌گی۔این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سی ایم او ڈاکٹر آر سی  پنیکا نے کہا، ‘ مجھے معلوم نہیں ہے کہ ان دنوں ضلع ہسپتال میں میڈیکل جانچ چل رہی ہے۔ لیکن، اگر کسی بھی امیدوار کے جسم پر ایس سی ایس ٹی لکھا ہے، تو یہ سنگین بات ہے۔ مجرم  کے خلاف یقینی طور پر کارروائی کی جائے‌گی۔ ‘