خبریں

اتر پردیش : دلت کی مونچھ اکھاڑنے اور پیشاب پلانے کے الزام میں چار گرفتار، تھانہ انچارج معطل 

اتر پردیش کے بدایوں ضلع‎ کا معاملہ۔کھیت کا گیہوں کاٹنے سے منع کرنے پر درخت سے باندھ‌کر دلت کو پیٹا بھی گیا تھا۔

Badaun

بدایوں/اتر پردیش:بدایوں ضلع میں والمیکی سماج کے ایک آدمی کے ساتھ مارپیٹ کر کے اس کی مونچھ اکھاڑنے اور جوتے میں پیشاب پلانے کے الزام میں چار لوگوں کو گرفتار کرنے میں لاپروائی برتنے کے الزام سے متعلق تھانہ انچارج کو معطل کر دیا گیا ہے۔سینیئر پولس سپرنٹنڈنٹ اشوک کمار نے منگل کو یہاں بتایا کہ حضرت پور تھانہ علاقہ کے اعظم پور گاؤں کے سیتارام والمیکی نام کے شخص نے گاؤں کے وجے سنگھ، پنکو، وکرم سنگھ اور سومپال عرف کلو پر مارپیٹ کر کے مونچھ اکھاڑنے اور جوتے میں پیشاب پلانے کا الزام لگایا تھا۔

والمیکی نے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ 23 اپریل کو وہ اپنے کھیت میں گیہوں کاٹ رہا تھا۔ تبھی اسی کے گاؤں کے رہنے والے وجے سنگھ، وکرم سنگھ، پنکو اور سومپال اس کے پاس آئے اور اپنے کھیت میں کھڑا گیہوں کاٹنے کو کہا۔ وہ چاہتے تھے کہ وہ پہلے ان کے کھیت کا گیہوں کاٹے۔ والمیکی کے مطابق اس نے ان کا گیہوں کاٹنے سے منع کیا تو ان لوگوں نے کھیت میں ہی اس کے جوتوں سے پٹائی کی اور جبراً گاؤں لے آئے، جہاں درخت سے باندھ‌کر اس سے مارپیٹ کی اور جوتے میں پیشاب پلایا۔ اس کے علاوہ اس کی مونچھے بھی اکھاڑ لیں۔

سینیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ متاثر نے مبینہ واقعہ والے دن ڈائل-100 پر اطلاع دی تھی کہ کچھ لوگ اس کے ساتھ مارپیٹ کر رہے ہیں۔ پولیس موقع پر پہنچی تھی اور کارروائی کرکے واپس لوٹ آئی تھی۔اس کے تقریباً 50 منٹ بعد والمیکی کی بیوی نے بھی ڈائل-100 پر فون کیا اور بتایا کہ اس کے شوہر سے کچھ لوگ مارپیٹ کر رہے ہیں۔ ڈائل-100 کی ٹیم نے پھر موقع پر پہنچ‌کر کارروائی کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں گزشتہ 29 اپریل کو مقدمہ درج کیا گیا اور 30 اپریل کی رات تمام ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس معاملے میں دفعہ 308، 342، 332، 504، 506 اور دلت ایکٹ کے تحت ایف آئی آر  درج کی گئی ہے۔ حضرت پور کے تھانہ انچارج راجیش کشیپ کو لاپروائی برتنے کے الزام میں معطل کر دیا گیا ہے۔