خبریں

سہارنپور : بھیم آرمی کے ضلع صدر کمل والیا کے بھائی کا قتل،شہر میں  کشیدگی

گزشتہ سال آج ہی کے دن سہارنپور میں ذات  کو لے کر تشدد ہوا تھا۔ فی الحال تشدد بھڑکانے کے خدشے کو دیکھتے ہوئے تھانہ صدر بازار کے  ملہی پور روڈ کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

BhimArmy_Saharanpur

نئی دہلی: مہارانا پرتاپ کی جینتی  کے موقے پر ایک بار پھر سہارنپور میں حالات خراب  ہو گئے ہیں۔بدھ کو بھیم آرمی کے ضلع صدر کمل والیا کے بھائی سچن والیا کی گولی لگنے سے موت ہو گئی۔ جس کے بعد سے ہی علاقے میں تناؤ کا ماحول بنا ہوا ہے۔ فی الحال پولیس اور ضلع انتظامیہ کے سامنے لاء اینڈ آرڈر بنائے رکھنا سب سے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ موقعے پر پی اے سی اور بھاری فورس تعینات کر دی گئی ہے۔

نیوز 18 کے مطابق، سچن والیا کو مہارانا پرتاپ جینتی کی جگہ سے کچھ ہی دوری پر گولی لگی ہے۔جس کے بعد ان کو فوراًضلع ہسپتال پہنچایا گیا،جہاں ڈاکٹروں نے ان کے مرنے کی تصدیق کی۔حالانکہ گولی کیسے لگی یا کس نے ماری ،یہ ابھی معلوم نہیں ہو پایا ہے۔ سچن والیا کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ اس کو گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔ضلع ہسپتال کے باہر سچن کے بھائی اور رشتہ داروں نے جم کر ہنگامہ کیا۔ ان کا الزام تھا کہ سچن کو انتظامیہ نے قتل کروایا ہے۔ اس کے بعد رشتہ داروں نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جانے کی بھی مخالفت کی۔ جس کے بعد پولیس کو فورس کا استعمال بھی کرنا پڑا۔سچن کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ مہارانا پرتاپ کی یوم پیدائش نہ منانے کی وارننگ دی  گئی تھی پھر بھی انتظامیہ نے اس کی اجازت دی۔

بھائی کے مطابق سچن ناشتہ لینے کے لیے باہر نکلا تھا تبھی کسی نےاس کو  گولی مار دی۔ حالانکہ کس نے گولی ماری ،وہ اس کا چہرہ نہیں دیکھ سکا۔واضح ہو کہ مہارانا پرتاپ جینتی کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ الرٹ پر تھا۔ مہارانا پرتاپ بھون پر 800 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ 200 لوگوں کو انتظامیہ نے کچھ شرطوں کے ساتھ جینتی منانے کی اجازت دی تھی۔ جبکہ بھیم آرمی نے جینتی نہ منانے کی وارننگ بھی دی تھی۔ اس کے باوجود اس قتل کو انجام دیا گیا۔

غور طلب ہے کہ گزشتہ سال آج ہی کے دن سہارنپور میں کاسٹ کو لے کر تشدد ہوا تھا۔ فی الحال تشدد بھڑکانے کے خدشے کو دیکھتے ہوئے تھانہ صدر بازار کے ملہی پور روڈ کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔